نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی رحمت پوری انسانیت کے لیے،آل انڈیا ملی کونسل کے دفتر میں ماہ ربیع الاول سے متعلق اہم نشست

پٹنہ،14/ستمبر(پریس ریلیز)
دونوں جہاں کے لیے رحمت بناکر مبعوث کئے گئے ہمارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت صرف ایک علاقہ،ایک خاندان،کسی ایک ملک،یا صرف مسلمانوں کے لیے خاص نہیں تھی؛بلکہ آپ کی نبوت تمام انسانوں اورجناتوں کے لیے تھی۔آپ کو پوری انسانیت کی طرف اللہ نے اپنا آخری پیغمبر بناکر بھیجا، آپ کی رحمت خاص نہیں؛بلکہ عام تھی،اس کے سائے میں دنیا کے ہر خطے،ہر ملک اور ہرعلاقے اورہر ذات وبرادری اوررنگ ونسل سے تعلق رکھنے والے انسانوں کو آنے کا حق ہے۔جس طرح اللہ پاک کی ربوبیت عام ہے، اللہ ہر مخلوق کے خدا اورکائنات کے رب ہیں،اسی طرح نبی آخرالزماں کی نبوت بھی ہرایک کے لیے عام ہے۔آپ پر نازل کردہ کتاب قرآن کریم پوری انسانیت کے لیے اتارا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مولانا انیس الرحمن قاسمی قومی نائب صدر آل انڈیا ملی کونسل نے فرمایاکہ ماہ ربیع الاول کی آمد آمد ہے، اس لیے بحیثیت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی امتی کے ہرمسلمان پر ضروری ہے کہ وہ اس ماہ مبارک میں آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو عام کرے۔آپ کی تعلیمات کی اشاعت ہرزبان میں کی جائے۔خدمت خلق سے متعلق نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ہدایات اورمذہبی رواداری وانسانی اخوت وبھائی چارگی کے سلسلہ میں آپ کا طریقہ کار کی عملی تصویر پیش کی جائے۔مولانا قاسمی نے کہاکہ آپ کی رحمت ہرانسان کے لیے ہے اوراس کے لیے ضروری ہے کہ ائمہ مساجد اپنے ممبر کو استعمال کریں،نہ صرف جمعہ کے خطبہ میں سیرت کو عنوان بنائیں اورآقاصلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات،آپ کی مذہبی رواداری، سخت ترین مخالفین کے ساتھ آپ کا سلوک،رحمت ومحبت کی تعلیم،معاف کرنے کا حکم، جنگ وجدل سے بچنے اورنفرت وتشدد سے پرہیز کرنے کا حکم وغیرہ جیسے عنوانات پر خطبات دیں،نیز انہیں چاہیے کہ اپنی اپنی مسجدوں میں جمعہ کے علاوہ دوسرے کسی دن سیرت کا پروگرام رکھیں،جس میں طلبہ کو شرکت کی دعوت دی جائے،سیرت کے عنوان پر طلبہ سے مضامین ومقالات لکھوائے جائیں،پھر انہیں انعامات بھی دیئے جائیں؛تاکہ ان میں مطالعہ سیرت کا تجربہ پیدا ہو،اس ماہ مبارک میں برادران وطن سے ملاقاتیں کی جائیں اورانہیں سیرت پر مبنی لٹریچر پیش کئے جائیں، اس طرح کی کوششیں یقینا بارآور ہوں گی اوراسلام فوبیا کا زہر ختم ہوگا۔واضح ہوکہ مولانا قاسمی نے ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل بہار کے دفتر میں منعقدپیغمبر اسلام سب کے لیے کے عنوان پر منعقد ایک نشست میں کی۔یہ نشست ماہ ربیع الاول کے سلسلہ میں منعقد ہوئی تھی،جس میں اس بات پر گفتگو کی گئی کہ اس ماہ مبارک میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے ہر پہلو سے برادران وطن اورمسلمانوں کو کس طرح روشناس کرایا جائے،اس نشست میں یہ بات طے پائی کہ آل انڈیاملی کونسل بہار ربیع الاول میں مختلف چھوٹے بڑے پروگرام کروائے گی،جس میں کوشش کی جائے گی کہ بڑی تعداد میں غیر مسلم بھائی شریک ہ،اسی طرح یہ بات بھی طے پائی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے خدمت خلق اورانسانیت نوازی سے متعلق ارشادات اورآپ کے طریقہ کار کی عملی تصویر پیش کرنے کی کوشش کی جائے۔اسی طرح اتفاق رائے سے یہ بات طے پائی کہ مختلف شہروں،علاقوں میں اسکول وکالجز کے طلبہ کے درمیان سیرت کوئز کا پروگرام رکھا جائے اورکامیاب طلبہ کو انعامات دیئے جائیں؛تاکہ سیرت نبوی سے طلبہ وطالبات کی دلچسپی بڑھے اوروہ آقاصلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ کو سمجھ سکیں۔اس نشست میں نائب صدور آل انڈیا ملی کونسل بہارمولانا ابوالکلام شمسی قاسمی ومولانا سید امانت حسین صاحب،مولانا مفتی سہیل احمد قاسمی،صدر ادارہ الحمد ادارہ خدمت خلق،پھلواری شریف،پٹنہ،جناب اسرارعالم آزاد،مشرقی چمپارن حال مقیم دہلی،جناب نجم الحسن نجمی صاحب،مرکزی رکن آل انڈیا ملی کونسل،چیرمین نجم فاؤنڈیشن،پھلواری شریف،پٹنہ،جناب مولانا محمد نافع عارفی، کارگزار جنرل سکریٹری ملی کونسل بہار،جناب محمد شوکت علی رضوی،جنرل سکریٹری ملی کونسل ضلع پٹنہ،جناب مولانا محمد سجاد احمد ندوی، سکریٹری ملی کونسل بہار،پٹنہ،جناب محمد علی صاحب،جناب شمیم آروی،جناب انجینئر اطہر جمالی صاحب ، مولانا جمال الدین قاسمی وغیرہم نے مفید مشوروں سے نوازا۔
Comments are closed.