اولادوں کو مالدار بنانے سے زیادہ دیندار بنانا کمال ہے،دارالعلوم اسراریہ سنتوشپور میں حافظ حامد کا خطاب

کولکاتہ(پریس ریلیز) اللہ تعالیٰ اس قوم کی حالت کو نہیں بدلتا جو خود اپنی حالت کو بدلنے کی کوشش نہ کرے،با عزت زندگی گذارنے،کامیاب ہونے اور اپنے وجود کو ثابت کرنے کا واحد ذریعہ تعلیم ہے۔ ان خیالات کا اظہار دارالعلوم اسراریہ سنتوشپور میں مسجد عبدالحمید پارک سرکس کے صدر حافظ حامد نے کیا -انہوں نے کہا کہ اپنی اولادوں کو مالدار بنانا کمال نہیں ہے بلکہ دیندار بنانا کمال ہے، دینداری ابدی کامیابی سے ہمکنار کرتی ہے۔ لہذا اپنے بچوں کو دینی تعلیم ضرور دلائیں –
انہوں نے مزید کہا کہ چند ماہ قبل مسجد عبدالحمید میں آل بنگال قرآن مسابقہ میں جب اس ادارے کا ایک کمسن بچہ اول پوزیشن لایا تو میں نے اسی وقت پختہ ارادہ کرلیاتھاکہ میں اس ادارے کے تعلیمی معیار اور تربیتی نظام کا مشاہدہ کرنے ضرور جاؤں گا۔واضح رہے کہ اس ادارہ کے طلبا ریاستی و ملکی سطح پردیگر مسابقات میں بھی پوزیشن لاتے رہے ہیں،حافظ حامد نے دارالعلوم اسراریہ کا مجموعی جائزہ لینے کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تجوید و قواعد ، صحت و ادائیگی اور آموختہ کی مضبوطی کے حوالے سے جو شہرت اس ادارے کی سنی گئی تھی الحمدللہ اس سے بہتر پایا، حفظ کی تکمیل کے بعد علامات اور اٹک وغیرہ کو دور کرنے کے ساتھ پارے کے رکوع و صفحات کی نشاندہی اور
سورتوں کی تفصیلات جیسی باریک چیزوں سے بھی طلبا کو آگاہ کیا جاتا ہے۔ ایسے ہی مظبوط یاد کرانے کی غرض سے گردان اور نوافل میں تلاوت کرانے کا نظام بھی قابل تعریف کارنامہ ہے۔ دس بارہ سال کی عمر کے حاحظ قرآن بچوں کی یاد داشت و معلومات قابل رشک ہے۔
موصوف نے مزید کہاکہ شہرسے دور اور پسماندہ آبادی میں دوسو بچوں کے طعام و قیام کے ساتھ مضبوط تعلیم کے پیچھے باصلاحیت اساتذہ کرام،انتظامیہ کی بالغ نظری اور اس مدرسہ سے ہمدردی رکھنے والے مخلص معاونین کا خاص دخل ہے۔ انہوں نے اپنی طالب علمی کے زمانے کی کچھ دلچسپ واقعات بیان کرتے ہوئے بچوں کو نصیحت کی کہ وقت کو ضائع نہ ہونے دیں اور اپنے مستقبل کو روشن کریںکیونکہ بغیر علم کے آپ کچھ بھی حاصل نہیں کرسکتے۔
آخر میں مدرسہ کے مہتمم مولانا نوشیر احمد نے مہمان محترم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ حافظ حامد صاحب کی عمر تقریباً 65 سال ہے ۔ موصوف کی قرآن سے لگاؤ کی برکت ہے کہ تجارتی مصروفیات کے باوجود ہرسال مسجد عبدالحمید میں مکمل قرآن تراویح میں سناتے ہیں۔

Comments are closed.