کے ایل جنتا انٹر کالج میں ورکشاپ منعقد
دیوبند کوتوالی انچارج نے طلبہ و طالبات کو چوبیس گھنٹے پولیس تعاون کی یقین دہانی کرائی
دیوبند،20؍ ستمبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
معروف عصری تعلیم کے ادارہ کے ایل جنتا انٹر کالج میں ناری شکتی کرن ، بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو اور روڑ سیفٹی سے متعلق ایک ورکشاپ منعقد کیا گیا۔ ورکشاپ کے مہمان خصوصی دیوبند کوتوالی کے انچارج صوبے سنگھ نے طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کی پالیسی طالب علموں کی ترقی ، ان کی حفاظت نیز انہیں پردھان منتری اور مکھیہ منتری کی اسکیموں سے واقف کرانا ہے، انہوں نے ٹول فری نمبر 112کی افادیت بتاتے ہوئے کہا کہ اس نمبر پر چوبیس گھنٹے طالبات کی مدد کے لیے پولیس نفری تعینات ہے اور دیوبند پولیس محکمہ چوبیس گھنٹے عوام کے ہر طبقہ کے لیے مہیا ہے، انہوں نے دیوبند تھانے کا لینڈ لائن نمبر اور اپنا ذاتی موبائل نمبر طلبہ و طالبات کو بتاتے ہوئے اپیل کی کہ کسی بھی ضرورت کے وقت طلبہ و طالبات اس نمبر پر ڈائل کر سکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ نمبر ڈائل کرتے ہی دیوبند پولیس کا حفاظتی دستہ آپ کی مددکے لیے موقع پر پہنچ جائے گا۔ اس سے قبل ادارہ کے سابق منیجر دیپک راج سنگھل ، ادارہ کے صدر سیٹھ کلدیپ کمار چھاپڑا ، نائب منیجر دیوی دیال گرگ اور پرنسپل راج کمار نے ان کی گل پوشی کر کے خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر دیپک راج سنگھل نے ادارہ کی تاریخ اور اس کی سرگرمیوں سے بھی متعارف کرایا۔ اس ورکشاپ میں انٹر کالج کا تدریسی عملہ اور طلبہ و طالبات موجود رہے۔
Comments are closed.