مدرسہ جامع العلوم پٹکاپور کے رکن شوریٰ سابق جج انوار الحسن انصاری کی رحلت پر تعزیتی نشست کا انعقاد

کانپور(پریس ریلیز) مدرسہ جامع العلوم پٹکاپور کے رکن شوریٰ و جامعہ عائشہ صدیقہ ؓ کے سرپرست سابق ضلع جج انوار الحسن انصاری کے انقال پر ملال پر مدرسہ جامع العلوم پٹکاپور و جامعہ عائشہ صدیقہ ؓ میں تعزیتی نشست منعقد کر قرآن خوانی و ایصال ثواب کا اہتمام کیا گیا۔ اس دوران مدرسہ جامع العلوم و جامعہ عائشہ کے تمام طلباء، طالبات، اساتذہ، استانیاں و ذمہ داران نے مرحوم انوار الحسن انصاری کیلئے قرآن کی تلاوت کے بعد ایصال ثواب و دعائے مغفرت کی۔ مدرسہ جامع العلوم جامع مسجد کے مہتمم ومتولی محی الدین تاج خسرو نے اس موقع پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موصوف انتہائی نیک دل، دینداراور جامع العلوم کے ساتھ ساتھ تمام مدارس اسلامیہ کی تعمیر وترقی اور اس کے تحفظ کیلئے ہمیشہ فکرمند رہا کرتے تھے۔ ہر پریشانی کے موقع پر مدارس و مساجد سمیت تمام مظلوموں کیلئے ڈھال بن کر سامنے آتے تھے۔ اللہ نے ان سے ضلع جج کے طور پر ملک و سماج کی خدمت کا کام لیا، طویل عرصہ تک الہ آباد ہائی کورٹ میں رجسٹرار جنرل کے طورتعینات رہے، پھر ضلع جج کے عہدے سے اپنی خدمات دیتے ہوئے سبکدوش ہوئے۔کچہری عدالت جیسے شعبہ میں رہ کر بھی تمام طرح کی بدعنوانیوں سے اپنے دامن کو ہمیشہ پاک رکھا، جس کے نتیجے میں اللہ نے انہیں اپنے شعبہ میں خوب مقبولیت کے ساتھ ساتھ مظلوموں اور انصاف پسند عوام کی محبتوں سے نوازا۔ گزشتہ15برسوں سے مدرسہ جامع العلوم کے رکن شوریٰ کے طور انتہائی قیمتی و مفید مشوروں سے نوازنے کے ساتھ ہی ہر طرح سے تعاون کرنے میں پیش پیش رہے۔موصوف کا دینی تعلیمی سلسلہ مولانا محمد احمد صاحب پرتاپگڑھی،مولانا عمار احمد صاحب الہ آبادی سے تھا۔ سول لائن واقع ء امبا اسپتال کے سامنے ایک مسجد کی تعمیر کرائی، جس کے تاحیات متولی بھی رہے۔ موصوف آبائی طور پر بھدوہی ضلع سے تعلق رکھتے تھے، پسماندگان میں دوبیٹے دانش انصاری، عارف انصاری اور ایک بیٹی ہیں، داماد محمد اسلام بھی بھدوہی کے ہیں، ان کی رحلت سے شہر،سماج اور مدرسہ جامع العلوم نے اپنا قیمتی سرمایہ کھو دیا ہے، جس کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ اللہ ان کے درجات کو بلند اورمغفرت فرما کر جنت الفردوس میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ محی الدین تاج خسرو نے شہر کے علمائے کرام، ائمہ مساجد، ذمہ داران مدارس اور تمام متعلقین، محبین سے مرحوم انوار الحسن انصاری کیلئے دعائے مغفرت و ایصال ثواب کی اپیل کی۔

Comments are closed.