نبی صلی اللہ علیہ وسلم سب کے لیے مہم کے تحت خصوصی نعتیہ مشاعرے کا انعقاد

کچھ عشق پیمبر میں نہیں شرط مسلماں-ہے کوثری ہندو بھی طلبگار محمد(ص)

ممبئی(پریس ریلیز)پرافٹ فار آل مہم کی جانب سے یکم ربیع الاول سے شہر ممبئی و ریاست مہاراشٹر کے مختلف مقامات پر مختلف انداز کے پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں خاص طور پر اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ برادران وطن کی شمولیت یقینی ہو اور اسی قسم کے پروگرام کی ایک کڑی تھی نعتیہ مشاعرہ۔ اس نعتیہ مشاعرے کی خاص بات یہ رہی کہ اس میں نعتیہ کلام پیش کرنے والے تمام شعرائے کرام غیر مسلم حضرات تھے، اس نعتیہ مشاعرے کی صدارت مشہور و معروف شاعر ڈاکٹر ساگر ترپاٹھی نے کی اور اپنے بے مثال عمدہ نعتیہ کلام کو پیش کیا، ان کے علاوہ ادھو مہاجن بسمل پونا سے تشریف لائےتھے اور ان کے انداز پیشکش سے یہ اندازہ لگانا مشکل ہو رہا تھاکہ آیا آپ کا تعلق برادران وطن سے ہے یا پھر اہل ایمان ہیں۔ دیگر مقامی حضرات میں مادھو بروئے نور اور سدھارتھ شانڈلیا، نیز ڈاکٹر لکشمن شرما واحد شامل ہیں۔ معروف غزل گلوکارہ اور صوفی گلوکارہ انوشکا نکم نے اپنی پر سوزاور خوبصورت آواز و انداز میں حمد و نعت پیش کی اور سریش بھٹ کی مشہور زمانہ مراٹھی نعت کو سنا کر شائقین کو مبہوت کر دیا، اس سے قبل اس پروگرام کے پہلے حصے میں آر سی ڈی ایڈ کالج اف امام باڑہ کی طالبات نے گروپ حمد و نعت پیش کی۔معروف غزل گلوکارہ اور صوفی گلوکارہ شبانہ شیخ نے اپنے والد محترم کی لکھی ہوئی ایک نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا ، مشاعرے کی خوبصورت نظامت اردو کارواں کے نائب صدر شعیب ابجی نے کی، اردو کارواں کے اشتراک سے منعقدہ نعتیہ مشاعرے کے انعقاد میں دارالقضاء فاؤنڈیشن میرا بھائندر، مساجد و مدارس فیڈریشن، ہم بھارتی میرا بھیندر کا بہت اہم رول اور تعاون رہا، ان تینوں تنظیموں کے ذمہ داران ڈاکٹر عظیم الدین، اقبال مہاڈک اور انکش مالو سورے کو اس موقع پر مومینٹو سے نوازا گیا۔ تمام شعراء کرام کو بھی میمنٹو اور تحائف سے نوازا گیا اس پروگرام کے انعقاد میں ایڈوکیٹ شہود، سلیم عباس خان ،دانش لامبے ،آصف خان اور مولانا عبداللہ نے خاص طور پر تعاون کیا۔ اس اہم پروگرام کے انعقاد کی ذمہ داری پرافٹ فور آل کی جانب سے فرید احمد خان صدر اردو کارواں کو دی گئی تھی،اس کی کور کمیٹی کے اراکین سعید خان ،عامر ادریسی، پرنسپل زیبا ملک نے خاص طور پر شرکت کی ۔ماہرخطاط اسلم کرتپوری نے بھی اس مشاعرے میں شرکت کی۔ شدید بارش کے باوجود مشاعرہ گاہ میں عوام کاہجوم رہا اور بہت عقیدت اور توجہ کے ساتھ آخر تک مکمل پروگرام میں شریک رہے جن میں برادران وطن بھی شامل ہیں۔

Comments are closed.