ڈائٹ کے پرنسپل نے دارالعلوم دیوبند کا دورہ کیا

دارالعلوم دیوبند ملک اور پورے عالم اسلام کا قیمتی اثاثہ ہے: شفیق محمد صدیقی
دیوبند ، 24ستمبر (سمیر چودھری؍بی این ایس)
سہارنپور کے قریب پٹنی مقام پر واقع ڈسٹرکٹ انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن ٹریننگ (DIET)کے پرنسپل شفیق محمد صدیقی نے عالمی شہرت یافتہ دینی دانش گاہ دار العلوم دیوبند کا دورہ کیا۔ دار العلوم پہنچ کر شفیق صدیقی نے ادارہ کے مہتمم مولانا مفتی ابو القاسم نعمانی اور نائب مہتمم مولانا عبد الخالق مدراسی سے دفتر اہتمام میں ملاقات کی۔ بعد ازاں انہوں نے دار العلوم کی لائبریری ، دار الحدیث، شیخ الہند لائبریری ، مسجد رشید، کمپیوٹر و انٹرنیٹ کے سینٹر اور طلبہ کو دی جانے والی تعلیم و درسگاہوں کا بھی دورہ کیا۔ دار العلوم کی تعلیمی اور دیگر سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے بعد شفیق محمد صدیقی نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند اس ملک کا ہی نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کا ایک قیمتی اثاثہ ہے جہاں مفت تعلیم کے ساتھ طلبہ کے رہائش کا نظم بھی مفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دار العلوم کی چہار دیواری کے اندر دینی تعلیم کے ساتھ روحانی سکون بھی موجود ہے۔ اس موقع پر دیوبند کے پرائمری و جونیئر اسکولوں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ نے شفیق محمد صدیقی کے دیوبند آمد پر ایک مختصر اعزازی تقریب کا اہتمام کیا اور رتقریب کے دوران مو صوف کا گل پوشی کر کے شاندار استقبال کیا نیز شال پیش کر کے اور توصیفی سند دے کر اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر کمال، نجم احمد صدیقی ، خورشید احمد صدیقی ، شاہ فیصل سعودی مسعودی اور دیگر اساتذہ موجود رہے۔

Comments are closed.