ذات برادری والے الفاظ لکھی گاڑیوں کے خلاف مہم شروع
دیوبند،7؍ اکتوبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
ڈی آئی جی اجے کمار ساہنی اور ایس ایس پی وپن تاڑا کی ہدایات اور ایس پی ٹریفک سدھارتھ ورما کی قیادت میں ٹی آئی سدھیر کمار سنگھ کے ساتھ چیکنگ مہم چلا کر گاڑیوں پر ذات برادری پر مبنی الفاظ لکھنے والوں پر مسلسل کاروائی کی جا رہی ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ اب ایسی گاڑی مالکان کی خیر نہیں ہے جن کی گاڑی پر ذات اور مذہب سے متعلق الفاظ لکھے ہوئے ملیں گے۔ مذکورہ ہدایات جاری ہونے کے بعد پولیس ایسی گاڑیوں کے خلاف سخت کاروائی کر رہی ہے۔ ٹریفک پولیس نے ایسی گاڑیوں کے خلاف سخت مہم چلا رکھی ہے۔ اسی چیکنگ مہم کے دوران ٹریفک پولیس نے شہر کے مختلف چوراہوں اور خاص خاص راستوں پر اس مہم کو چلایا اور جہاں جہاں مذہب اور ذات سے متعلق الفاظ لکھی ہوئی گاڑیاں ملی ان کے خلاف سخت کاروائی کی گئی۔ ایسی گاڑیوں کے چالان بھی کاٹے گئے۔ افسران اور پولیس ٹیم کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی چیکنگ مہم کے دوران سڑکوں سے گذرنے والی ایسی تمام گاڑیوں کو روک لیا جن پر ذات اور برادری سے متعلق الفاظ لکھے دکھائی دیے، ایسی تمام گاڑیوں کے خلاف جب سخت کاروائی کی گئی تو پورے علاقہ میں افرا تفری کا عالم پیدا ہو گیا۔
Comments are closed.