مولانا سید محمد شاہد سہارنپوری کی وفات ملت کا بڑا نقصان: ڈاکٹر محمد منظور عالم

نئی دہلی:8؍اکتوبر(پریس ریلیز)
ملک کے معروف عالم دین مولانا سید محمد شاہد سہارنپوری کی وفات پر علمی و دینی حلقوں میں رنج و غم کا ماحول ہے. اس ماحول میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آل انڈیا ملّی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہا کہ "مولانا سید محمد شاہد سہارنپوری کی وفات ملت اسلامیہ کے لیے بڑا حادثہ ہے. ان کی وفات سے ہم ایک بزرگ عالم دین اور قدیم روایات کے ایک محافظ سے محروم ہوگئے ہیں. وہ عالم اسلام کی عظیم درس گاہ جامعہ مظاہر علوم سہارنپور کے امین عام کی حیثیت سے اہم خدمت انجام دے رہے تھے. وہ بیسویں صدی کے عظیم عالم و محدث شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا کاندھلوی کے نواسے بھی تھے. اپنی اس بڑی نسبت کا انھوں نے ہمیشہ خیال رکھا اور شیخ الحدیث کے علمی و دینی ورثے کو آگے بڑھایا.”
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے مزید کہا کہ "مولانا سید محمد شاہد سہارنپوری ملت کا بڑا درد رکھتے تھے. 2019 میں ہم مولانا عبدالحمید نعمانی اور شاہ اجمل فاروق ندوی کی معیت میں اْن سے ملاقات کے لیے سہارنپور حاضر ہوئے تھے. مولانا سے طویل ملاقات رہی. مختلف موضوعات زیر گفتگو آئے. مولانا نے ہمیں اپنی کچھ مطبوعات بھی دیں، جو اس وقت آئی او ایس کی لائبریری کی زینت ہیں. ان کتابوں میں سب سے زیادہ اہمیت کی حامل کتاب جنگ آزادی میں علمائے مظاہر علوم کا حصہ تھی. یہ کتاب تین ضخیم جلدوں پر مشتمل ہے اور معلومات کا خزانہ ہے. ہم لوگ مولانا کی خدمت میں اتحاد ملت کا جو پیغام لے کر پہنچے تھے، مولانا نے اس سے پورا اتفاق ظاہر کیا تھا.”
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ "میں مولانا مرحوم کے اعزہ و اقرباء￿ اور دنیا بھر میں پھیلے ہوئے مظاہری علماء￿ کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ مولانا کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، خطاؤں سے درگزر فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے. آمین”

Comments are closed.