تجوید کے ساتھ قرآن سیکھنا اور سکھانا اشد ضروری:مولانا ارشد قاسمی
مدرسہ جامعہ مدینۃ العلوم رسولی میں شعبۂ قرأت کا افتتاحی پروگرام منعقد
بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری) گزشتہ روز مدرسہ جامعہ مدینۃ العلوم رسولی میں شعبۂ قرأت کا افتتاحی پروگرام مینیجرحافظ ایاز احمدمدینی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ 12 بچوں پرمشتمل شعبۂ قرأت کا افتتاح قاری محمدفرقان ہردوئی کے ذریعے ہوا۔ نظامت کے فرائض پرنسپل جامعہ مولانا مقبول احمدقاسمی نے انجام دئے۔ اپنے صدارتی خطاب میں حافظ ایاز احمد مدینی نے کہا کہ ہمارے مدرسے کے مدرسین بہت عرق ریزی اور بڑی محنت سے تعلیمی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی محنتوں اور کوششوں کا ہی نتیجہ ہے کہ اب تک مدرسہ جامعہ مدینۃ العلوم میں حفظ کے چھ درجات قائم ہوچکے ہیں۔ درجات عالیہ میں دوسو سے بھی زیادہ طلبہ ہیں۔ اگر ہم کل تعداد کی بات کریں تو ہمارا مدرسہ طلبہ کی تعداد کے معاملے میں ضلع کا پہلا ادارہ بن چکا ہے۔ آج جامعہ میں شعبہ قرأت کے قیام کے ساتھ روایتِ حفص کا افتتاح بھی ہورہا ہے۔ جس سے بچے قرآن کو حدر،ترتیل اور تدویر کے ساتھ بہترین انداز میں سیکھ کر پڑھ سکیں گے۔ میں سبھی اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پروگرام میں آئے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مولانا محمدارشد قاسمی نے روایت حفص کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ قرآن تجوید کے ساتھ سیکھنا اور سکھانا اشد ضروری ہے۔ہم مولانا عبدالغنی علیہ الرحمہ کے قائم کردہ ادارے کو بلندیوں تک پہونچانے میں کوئی کمی باقی نہ چھوڑیں گے۔ انہوں نے حاضرین جلسہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا آپ لوگ اپنے اپنے بچوں کو دینی تعلیم اور تجوید کے ساتھ قرآن سیکھنے کی غرض سے مدرسہ میں ضرور داخل کروائیں۔
سابق بلاک پرمکھ مولانا محمداسلم قاسمی نے کہا کہ اس مدرسہ کا تعلیمی معیار اور قیام و طعام کا نظام ضلع بارہ بنکی کے دیگر مدارس سے ہمیشہ بہتر اورممتاز رہا ہے۔ مرحوم مولانا معراج احمد نے جس نہج پر کام شروع کیا تھا ان کے ہونہار بیٹے اس کو پایۂ تکمیل تک پہونچانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ مولانا محمدجواد قاسمی نے قرآن اور تجوید کی عظمت و اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کو تجوید اور تدبر کے ساتھ پڑھنے میں الگ قسم کی لذت محسوس ہوتی ہے۔اس پروگرام میں جامعہ کے سبھی اساتذہ موجود رہے۔ مہمانوں میں الحاج سیٹھ عرفان انصاری،حاجی محمدعتیق، حاجی عبدالمقتدر،حاجی محمداسرار،حاجی محمدنفیس،حاجی مطلوب انصاری،ضیاء الحق پردھان،فاران قدوائی ، محمدعلیم قدوائی،مشرف ڈی،ڈی،سی وسیم صدیقی،اسرار قریشی اور حعفر قریشی کی شرکت قابل ذکر ہے۔
Comments are closed.