سرکاری محکموں میں ہندی کے ساتھ اردو کے استعمال کو یقینی بنانے کا سیتامڑھی انتظامیہ کا فیصلہ قابل رشک

بہار اسٹیٹ اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر قمرمصباحی کا سینئر ڈپٹی کلکٹر ، محمد پھول حسن سمیت محبان اردو کو مبارکباد
جالے (محمدرفیع ساگر؍بی این ایس)سرکاری محکموں میں اردو کے استعمال کو یقینی بنانے کے لئے بہار اسٹیٹ اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے علاوہ دیگر تنظیموں کی جانب سے جاری خاص مہم اور حکومت پر دباو کے بعد اس ضمن میں 11 اکتوبر کو سیتامڑھی کے ڈپٹی کلکٹر کی طرف سے جاری نئے نوٹیفیکیشن کا ان تنظیموں نے خیر مقدم کیا ہے۔
اردو ڈائریکٹوریٹ پٹنہ کے مکتوب نمبر 36 مورخہ 8 جنوری 2020 کا حوالہ دیتے ہوئے سینئر ڈپٹی کلکٹر و انچارج اردو زبان سیل سیتامڑھی نے اپنے مکتوب نمبر 62 مورخہ 11اکتوبر 2023 کے ذریعےضلع کے سبھی سرکاری دفاتر اور افسران کے نام ہندی کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی آویزاں کرنےکا حکم دیاہے جس سے اردوحلقوں میں خوشی کا ماحول ہے۔واضح ہوکہ اس مکتوب کو جاری کرانےکے لیےاردو زبان سیل سیتامڑھی کے سینئر اہلکار محمد پھول حسن سمیت محبان اردو کی کوششوں کا مثبت نتیجہ ہے۔
غور طلب ہو کہ بہار اسٹیٹ اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن کےریاستی صدرقمر مصباحی نے ایڈیشنل چیف سکریٹری کابینہ سکریٹریٹ ڈپارٹمنٹ اردو ڈائریکٹوریٹ کے مکتوب نمبر 872 مورخہ 20؍اکتوبر 2021ء کے ساتھ مسلسل سیتامڑھی ڈی ایم ،ایس پی اور متعلقہ حکام سے ملاقات کر میمورنڈم سونپتے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ سینیئر ڈپٹی کلکٹر سیتامڑھی نے ایک مکتوب جاری کر محبان اردو کا قدیم مطالبہ پورا کردیا ہے۔قمرمصباحی نے اس مکتوب کے جاری ہونے پر ڈپٹی کلکٹر سمیت محمد پھول حسن کا شکریہ ادا کرتے ہوئےکہا کہ اس مکتوب کے مطابق سبھی سرکاری دفاتر،افسران اور سرکاری منصوبوں کا اعلان بھی ہندی کے ساتھ ساتھ اردو میں شائع کرنے اور مدارس اسکول،کالج،یونیورسٹی کی عمارت کے بورڈ پر ہندی کے ساتھ ساتھ اردو کے نام کی تختیاں ( نیم پلیٹ) آویزاں کیا جانا ہے۔اخیر میں قمر مصباحی نے کہا ہے کہ ہمیں پوری امید ہے کہ ڈپٹی کلکٹر سیتامڑھی کے اس مکتوب پر سبھی سرکاری عہدیداران عمل کریں گے۔

Comments are closed.