نوری مسجد پٹنہ میں پروفیسر مولانا شکیل احمد قاسمی کا خطاب

پٹنہ(پریس ریلیز)مسلمان خیر امت اور امت رحمت ہے لیکن عالمی سطح پر آج جو تصویر مسلمانوں کی پیش کی جاتی ہے، وہ حد درجہ خراب اور ذلت آمیز ہے ۔ مسلمان مظلومیت اور پسماندگی کی زندگی گزار رہے ہیں ۔ ہمیں غیر جانب دار ہو کر پوری ذمہ داری سے اس پر غور کرنا چاہئے ، اور احتساب کرنا چاہئے کہ ہم سے کہاں کہاں چوک ہو رہی ہے ۔ فاران فائونڈیشن انڈیا کے چیرمین پروفیسر ڈاکٹر مولانا شکیل احمد قاسمی پٹنہ نے نوری مسجد، شمس الہدی، پٹنہ میں مذکورہ خیالات کا اظہار اپنے خطاب میں کیا ۔
مولانا قاسمی نے مزید کہا کہ آج سماج نئے نئے مسائل سے دو چار ہے ، زندگی سکون سے خالی ہے ،لوگ کئی طرح کی دشواریوں میں مبتلا ہیں، ہر انسان کرب، بے چینی اور اضطراب محسوس کر رہا ہے۔ اسے ایسے ضابطہ حیات کی تلاش ہے جو اس کی زندگی کو پر سکون بنا دے ، اس کے ٹینشن کو دور کر دے ، اسے راحت کی سانس لینے کا موقع میسر آ جائے ۔ ایسے حالات میں محسن انسانیت کی تعلیمات سے سماجی مسائل کا حل یقینی طور پر سامنے آئے گا ۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ موثر انداز میں پوری منصوبہ بندی کے ساتھ سیرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور تعلیمات رسولؐ کو ہم پیش کریں ، یقینا اس کے خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے ۔ برادران وطن کی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کے ساتھ حقیقت اور سچائی سے انہیں واقف کرایا جائے ۔ نوجوان ہاسپٹل میں جا کر مسلمان اور غیر مسلم مریضوں سے ملاقات کرے اور ان کی خدمت میں پھل پیش کرتے ہوئے یہ بتائے کہ رسول رحمت نے ہمیں سارے طبقے کے بیماروں کی عیادت اور بزرگوں کے احترام کا حکم دیا ہے ۔ اس طرح کی کوششوں سے غلط فہمیوں کا بادل چھٹے گا اور سورج کی روشنی پھیلے گی۔
پروفیسر ایس ایم کریم ، پروفیسر ساجد حسین ، پروفیسر نفیس حیدر ، پروفیسر آفتاب عالم ، ڈاکٹر آصف سلیم ، ڈاکٹر یعقوب اشرفی ، مولانا حامد حسین ندوی ، حاجی بلال صاحبان نے اس طرح کے خطاب کو موجودہ حالات میں ضروری قرار دیا ۔

Comments are closed.