سفاک اسرائیلی فوج نے غزہ میں قیامت ڈھا دی،چند گھنٹوں میں 324 شہید

بصیرت نیوزڈیسک
غزہ کی پٹی میں فلسطینی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ علاقے میں صیہونی فوج کی ننگی جارحیت کے نتیجے میں 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں 126 بچوں اور 88 خواتین سمیت 324 شہری شہید کیے گئے ہیں جب کہ اس دوران 1788 فلسطینی شہری زخمی ہوئے ہیں۔
 وزارت صحت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمیوں کی تعداد میں 1,018 افراد کا اضافہ ہوا ہے۔ اس سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ جارحیت کے متاثرین میں سے 66 فیصد بچے اور خواتین تھے۔ 
مقامی ذرائع نے کہا کہ قابض فوج کے جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے شمالی اور مغربی علاقوں پر پرتشدد حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس میں شہریوں کے گھروں،اسپتالوں اور عام شہریوں کے رہائشی ٹاورز کو نشانہ بنایا۔ بتایا گیا ہے کہ چھاپے تل الھوی کے محلے اور ہلال احمر سے منسلک القدس ہسپتال میں مرکوز کیے گئے تھے، جہاں سینکڑوں خاندانوں نے قابض کی بمباری سے تحفظ کے لیے پناہ لی تھی۔ 
قابض فوج کے طیاروں نے الرمل، الشاطی کیمپ کے آس پاس کے علاقوں اور انٹیلی جنس ٹاورز، الکرامہ اور الفیروز کے علاقوں کو بھی نشانہ بنایا، جس سے درجنوں مکانات اور رہائشی عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ قابض طیاروں نے سودانیہ اور الواح کے علاقوں اور شمالی غزہ کی پٹی میں بیت لاہیا کے مغربی اور شمالی علاقوں پر درجنوں میزائلوں سے بمباری کی۔ قابض ریاست کے طیاروں نے خان یونس کے مغرب اور مشرق میں متعدد گھروں کو نشانہ بنایا۔ اس شہر میں غزہ کی پٹی سے زبردستی بے گھر ہونے والے سینکڑوں خاندانوں نے پناہ لی تھی۔

Comments are closed.