علاقہ میں تھم نہیں رہاجان لیوا بخار کا قہر
ایک دن میں خاتون سمیت پانچ کی موت ،محکمہ صحت کا انکار
دیوبند،14؍ اکتوبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
ضلع سہارنپور میں بخار سے اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ روز دیوبند تحصیل علاقہ کے نونابڑی گاؤں اور سسونی دلہیڑی اور تیتروں میںدو خواتین سمیت پانچ افراد کی موت ہوگئی۔ متوفی کے لواحقین کے مطابق پہلے بخار آیا اور اس کے بعد موت ہوگئی، تاہم محکمہ صحت بخار کی وجہ سے ایک بھی موت کی تصدیق نہیں کر رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ موت بخار کی وجہ سے ہوئی یا کسی اور وجہ سے۔دیوبند تحصیل علاقہ کے گاؤں نونابڑی کے پردھان شعیب کی والدہ انوری (75) کی حالت چار دن پہلے بخار میں مبتلا ہونے کے بعد بگڑ گئی تھی۔ اہل خانہ نے اسے دیوبند کے ایک پرائیویٹ ڈاکٹر کے پاس داخل کرایا۔ جہاں گزشتہ روزعلاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ سُمیر کشیپ (60) دلہیڑی گاؤں میں بخار میں مبتلا تھا،اس کی بھی علاج کے دوران موت ہوگئی، اسی گاؤں میں سنت کمار بھگت کی بہو دکشا (27) نے دو دن پہلے بخار آیا تھا، دیوبند کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مظفر نگر ریفر کردیا۔جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ وہیں سسونی گاؤں میں بھی سابق پرد ھان شیام سنگھ (67) کی جمعرات کی صبح بخار کی وجہ سے موت ہو گئی۔ تیترو کی نئی بستی کی باشندہ شبنم ( 19) دختر جمیل بھی بخار میں فوت ہوگئی، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ چار دنوں سے مسلسل بخار میں مبتلا تھیں۔ علاج کے بعد بھی راحت نہ ملنے کی وجہ سے اس کی موت ہوگئی۔علاقہ کے گاؤں سسونی میںگزشتہ ایک ماہ کے دوران آٹھ افراد بخار سے ہلاک ہو چکے ہیں،جس سے گاؤںمیں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ اہل خانہ کے مطابق مرنے سے پہلے ہر کوئی بخار کا شکار ہواتھا۔اب بھی سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں بخار کے مریضوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ اسپتالوں کے وارڈز بھرے پڑے ہیں اور داخلے کے لیے بستر بھی نہیں بچے۔ ایسے میں ڈاکٹرز ایڈمٹ کرنے کے بجائے ادویات دے رہے ہیں۔ بخار کی وجہ سے بچوں کا برا حال ہے۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال کا چائلڈ وارڈ بھرا ہوا ہے۔ ضلع میں ڈینگو کے مریضوں کی تعداد 260؍ ہوگئی ہے۔ شیونکا گوڑ، ضلع ملیریا آفیسرنے کہاکہ علاقہ میں بخار سے موت کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ یہ جاننے کے لیے ایک ٹیم بھیجی جا رہی ہے کہ ان کی موت بخار سے ہوئی یا کوئی اور بیماری تھی۔ تحقیقات ہونے تک بخار کی وجہ سے موت کی تصدیق نہیں ہو سکتی۔ موت کی وجہ دیگر بیماریاں بھی ہوسکتی ہیں۔
Comments are closed.