نکاح کے ذریعے پاکیزہ رشتے وجود میں آتے ہیں : پروفیسر شکیل قاسمی

پٹنہ(پریس ریلیز) ایک مرد اور ایک عورت آپس میں شادی کرکے زندگی گزارتے ہیں، یہی فطرت اور نیچر کا تقاضا ہے ۔ اسلام نے اس کے لیے نکاح کے طریقے کو اپنائے جانے کا حکم دیا ہے اور نکاح کی اہمیت بتاتے ہوئے کہا کہ اس سے عفت و عصمت کی حفاظت اور ایمان کی تکمیل ہوتی ہے۔نکاح اسلامی شریعت کا لازمی حصہ ہے،نکاح کے ذریعے پاکیزہ رشتے وجود میں آتے ہیں، اس کے ذریعے خاندان کی ابتدائی یونٹ قائم ہوتی ہے۔ شوہر بیوی اگر اچھے انسان اور اچھے شہری ثابت ہوں تو اس سے ایک بہتر سول سوسائٹی اور خوشگوار سماج بنتا ہے، تربیت یافتہ نسل تیار ہوتی ہے، مورل ویلیوز اور اخلاقی اقدار و روایات کی حفاظت ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام اس رشتے کو نہایت مقدس قرار دیتے ہوئے اس کی پائیداری اور خوشگواری پر زور دیتا ہے۔ فاران فاؤنڈیشن انڈیا کے چیئرمین پروفیسر مولانا شکیل احمد قاسمی پٹنہ نے مشہور علمی شخصیت ماسٹر مشتاق شمسی ،سندرپور، شکری، مدھوبنی کی صاحبزادی کے نکاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گزشتہ روز ان خیالات کا اظہار کیا۔ حضرت مولانا پروفیسر قاری محمد عثمان صاحب قاسمی، مدھوبنی نے نکاح کے خطبے کی جامع تشریح کرتے ہوئے قرآنی آیات کی ہدایات سے مجمع کو واقف کراتے ہوئے نکاح پڑھایا ۔ اس کے بعد حافظ مولانا منظور الحق صدیقی، بیرا ، جئے نگر، مدھوبنی نے بہت ہی جامع دعاء کرائی جس سے مجمع پر رقت طاری ہو گئی۔ تقریب میں سماجی ، ملی ، علمی شخصیتوں نے بڑی تعداد میں شریک ہوکر مشتاق احمد شمسی کو مبارکباد دیتے ہوئے اس نئے رشتے کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

Comments are closed.