شیرخوار بچی کے قتل معاملے میں آنگن باڑی ملازمہ گرفتار ،زمین تنازعہ معاملے کا ملزم ششی سنگھ بھی گرفتار

جالے(رفیع ساگر؍بی این ایس) سنگھواڑہ تھانہ حلقہ کے نگر پنچایت بھرواڑہ میں 37 دن کی شیرخوار بچی کی قتل معاملے میں درج ایف آئی آر کی نامزد ملزمہ بھرواڑہ کی آنگن واڑی ملازمہ اشوک ٹھاکر کی بیوی ریتا دیوی کو پولیس نے دربھنگہ شہر سے ڈرامائی طور پر گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مقتولہ بچی کے چچا ششی کمار سنگھ نے پولیس کو ملزمہ کے لوکیشن کی اطلاع دی تھی جس کے بعد شہر کی پولیس نے ملزمہ خاتون کو گرفتار کر سنگھواڑہ تھانہ کی پولیس کے حوالے کر دیا۔ اس دوران گرفتار خاتون نے پولیس کو بتایا کہ یہاں ان لوگوں کے درمیان زمینی تنازعہ چل رہا ہے جس کے سبب 16 ستمبر کی شب میرے اہل خانہ پر جان لیوا حملہ کیا گیا تھا جس کو لے کر اس نے ششی کمار سنگھ سمیت پانچ لوگوں کے خلاف سنگھواڑہ تھانہ میں ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے ششی سنگھ کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔بتا دیں کہ 37 دن کی شیر خوار بچی کی پراسرار طور پر موت 26 اکتوبر کو ہوئی تھی جس کو لے کر بچی کے والد روی شنکر سنگھ نے آنگن واڑی ملازمہ ریتا دیوی اور اس کے بیٹے انو ج ٹھاکر کے خلاف قتل کی ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ درج ایف آئی آر میں یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ 37 دن کی بچی کو خاتون اور اس کے بیٹے نے زمین پر پٹخ دیا تھا اور بچی پر مکہ سے حملہ کرکے شدید طور پر زخمی کردیا تھا جس کی موت کی تصدیق ڈی ایم سی ایچ پہنچنے پر ڈاکٹروں نے کی تھی ۔ واقعہ کی اطلاع پر ڈی ایس پی امیت کمار اور تھانہ صدر مکیش کمار نے بھرواڑہ پہنچ کر معاملے کی تفتیش کی تھی۔

Comments are closed.