امارت شرعیہ ہندوستانی مسلمانوں کے ملی وجود کی روشن علامت :احمد حسین قاسمی مدنی

ضلع بھاگل پور کے برقی مرکز کہلگاؤں و پیر پینتی میں امارت شرعیہ کا اصلاحی و دعوتی دورہ جاری
کہلگاؤں؍ بھاگلپور:30/اکتوبر(پریس ریلیز)
امارت شرعیہ ہندوستان میں ہمارے ملی وجود کی ایک روشن علامت ہے اوروہ ہمارے ایمان وعقیدے کا حصہ ہے ۔جس وقت ہندوستان میں کوئی اسلامی تنظیم نھیں تھی اس وقت فقیہ النفس عالم دین حضرت مولانا ابوالمحاسن محمد سجاد رحمۃ اللہ علیہ نے آج سے سو سال قبل، کتاب و سنت کی روشنی میں منہاج نبوت وخلافت کو سامنے رکھتے ہوئے امارت شرعیہ کی بنیاد ڈالی، الحمدللہ اس وقت سے لے کر آج تک مختلف میدانوں میں امارت شرعیہ کی سو سالہ خدمات روز روشن کی طرح ظاہر ہیں، ملت اسلامیہ کو جب بھی کوئی دینی و ملی اور شرعی رہنمائی کی ضرورت پڑی، امارت شرعیہ کے اکابرین اور امراء شریعت اس کے لیے پیش پیش رہے، حسب سابق آج بھی امارت شرعیہ ملت اسلامیہ کی خدمات کے لیے دینی رفاہی تعلیمی جہتوں سے اپنا نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار قائد وفد جناب مولانا احمد حسین قاسمی مدنی معاون ناظم امارت شرعیہ نے جامع مسجد کشن داس پور اکڈاراضلع بھاگلپور میں ایک بڑے اجلاس سے خطاب میں فرمایا، مولانا مجیب الرحمن قاسمی معاون قاضی شریعت مرکزی دارالقضا امارت شرعیہ نے اپنے بلیغ اور موثر خطاب میں کہا کہ دارالقضاء قرآن وحدیث کی عملی تفسیر ہے، آپ نے کہا کہ دارالقضا میں کم وقت میں انصاف ملتا ہے ،اور دیگر عدالت سے حصول انصاف کے لئے عمر نوح، صبر ایوبی اور قارون کا خزانہ چاہیے۔
دوسری جانب مولانا محمد سراج الدین مظاہری قاضی شریعت دارالقضا امارت شرعیہ گورگاواں نے رزق حلال کے حصول اور حرام کمائ سے بچنےکی تلقین کی ۔مولانا مفتی محمد نعمت اللہ عباس قاسمی قاضی شریعت دارالقضا امارت شرعیہ سنھولا ہاٹ ضلع بھاگلپور نے عورتوں کے حقوق کی ادائیگی اور خواتین کی عظمت پر زور دیا اور کہا کہ عورت کی حیثیت بیٹی کی ہو بھن کی ہو بیوی یا ماں کی ہو ہر حال میں انکے حقوق کی ادائیگی پر جنت کی بشارت ہے ۔
مولانا مزمل حسین قاسمی اور مولانا محمد سرفراز مظاہری مبلغین امارت شرعیہ نے تعلیم کے حصول اور کلمہ کی بنیاد پر اتحاد واتفاق پیدا کرنے کی تلقین کی ۔باشندگان کشن داس پور اکڈارا نے ارکان وفد کا استقبال نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور امارت شرعیہ زندہ باد کے پروقار نعرے سے کیا ۔اس پروگرام کو کامیاب وبامقصد بنا نے میں اقبال احمد مجاھد عالم مولانا محمد افروز قاسمی اور مولانا معصوم قاسمی امام وخطیب جامع مسجد کشن داس پور اکڈارانے اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ مفکر ملت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی امیرشریعت بہار اڈیشہ وجھار کھنڈ کی ہدایت پر ۲۸/ اکتوبر سےحلقہ کھلگاوں ضلع بھاگلپور میں اصلاحی وفد کا آغاز ہوا اور 4 نومبرتک یہ سلسلہ اس خطے کے مختلف بلاک کی مسلم آبادیوں میں جاری رہے گا۔
امارت شرعیہ کے دعوتی و اصلاح وفدپر اس پورے علاقے میں مسلمانوں کے اندر خوشی کی لہر ہے، امارت شرعیہ کا یہ وفداپنے تمام تر اجلاس میں اتحاد امت، اصلاح معاشرہ، دینی بنیادی تعلیم، اعلی عصری تعلیم، انسانی حقوق، مذہبی رواداری اور موجودہ وقت میں مسلمانوں کی اہم ذمہ داریاں اورعصر حاضر اور مسلمانوں کی ترجیحات جیسے حساس موضوعات پربیان کےذریعہ اس علاقے کے مسلمانوں کی رہنمائی کا فریضہ انجام دے رہا ہے۔ الحمدللہ تمام آبادیوں میں بڑی تعداد میں مسلمان امارت شرعیہ کے وقت کا استقبال کر رہے ہیں اور اجلاس میں شرکت فرما رہے ہیں رب کریم اس وفدکے دعوتی اثرات اس پورے علاقے میں ظاہر فرمائے آمین ۔

Comments are closed.