بہار کے تمام سرکاری مدرسوں میں خالی پڑے عہدوں پر اساتذہ کی ہوگی بحالی : چیئرمین

دربھنگہ میں تعلیمی انقلاب ہماری مثبت فکر کا نتیجہ : محمد علی اشرف فاطمی
مدرسہ ٹیچرس ایسوسی ایشن کا چیئرمین سے 10 ماہ سے زیر التواء تنخواہوں کی فوری ادائیگی کا مطالبہ
جالے( محمد رفیع ساگر /بی این ایس)
جدید و تکنیکی تعلیم کی بنیاد کو مضبوط کرنے کا بہتر ذریعہ مدرسہ ہے بچوں کو بچپن سے ہی اقدار کی تعلیم دینے کی ضرورت ہے ۔یہ باتیں بہار مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے چیئرمین سلیم پرویز نے چندن پٹی میں واقع مانو ٹیچرس ٹریننگ کالج کیمپس میں منعقدہ تعلیم نوبالغان پروگرام میں مدرسہ بورڈ کے پرنسپل و اساتذہ سے اپنے خطاب میں کہیں۔ انھوں نے کہا کہ بہار میں سرکاری مدرسوں میں خالی عہدوں پر اساتذہ کی جلد بحالی کے لئے کام چل رہا ہے۔ مدرسہ بورڈ کے ممبران کی اہم تجویز کی روشنی میں ہمدردی کی بنیاد پر بحالی کے عمل کو مثبت شکل دینے کی کامیاب کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اساتذہ کے تمام جائز مطالبات کو لیکر وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار اور محکمہ تعلیم مدرسہ بورڈ کے لئے بہتر کام کر رہے ہیں جسکے نتائج جلد ہی آپ سب کے سامنے ہوں گے ۔بچوں میں تعلیمی بیداری لانے کے لئے اساتذہ اپنے فرائض کو بخوبی انجام دیں ۔جے ڈی یو کے قومی جنرل سکریٹری و سابق مرکزی وزیر محمد علی اشرف فاطمی نے کہا کہ بہار کے سبھی سرکاری مدرسوں کو ہمہ گیر تعلیمی مہم سے جوڑنے کے لیے ایک پہل ہونی چاہیے،اسکول کی عمارت، مڈ ڈے میل، لباس اور تمام بنیادی سہولیات کے حوالے سے حکومت سے مثبت بات چیت ہونی چاہئے ۔ہماری جب جہاں ضرورت ہو گی چلنے کے لئے تیار ہیں۔مسٹر فاطمی نے کہا کہ میں نے اپنے وزارتی دور میں دربھنگہ میں مانو ٹیچرس ٹریننگ کالج قائم کرکے تعلیمی دنیا میں انقلاب لانے کا کام کیا ہے جو آپ سب کے سامنے ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار ہمیشہ مدرسہ کی جدید کاری کے لیے کوششیں کرتے رہے ہیں جو اقیلتی سماج کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔جے ڈی یو کے ریاستی جنرل سکریٹری اور سابق ایم ایل اے ڈاکٹر فراز فاطمی نے کہا کہ مدرسوں کے بچوں میں تعلیمی ماحول کو مستحکم کرنے میں اساتذہ کا اہم کردار ہے۔
مدرسہ دارالسلام دیورہ بندھولی کے سکریٹری پروفیسر خادم حسین فیضی نے کہا کہ 609 مدرسہ کے اساتذہ کی تنخواہیں گزشتہ دس ماہ سے التوا میں ہے۔دربھنگہ ضلع کے کئی مدرسوں کی جانچ ڈی ای او نے محکمہ تعلیم کو بھیجا، مدرسہ کے اساتذہ کی تنخواہیں جلد از جلد ادا کرنے کے لئے چیئرمین کو مثبت پہل کرنی چاہئے۔
آل بہار مدرسہ ٹیچرس ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری مولانا شہاب الدین رحمانی نے کہا کہ مدرسہ کے اساتذہ کو اسکولوں کے برابر مراعات دی جانی چاہئے کیونکہ نوٹیفکیشن میں اس سلسلے میں واضح ہدایات موجود ہیں۔ مدرسہ کے اساتذہ کے ساتھ سوتیلا سلوک کرنا مناسب نہیں ہے۔ پروگرام کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے مولانا حافظ عبداللہ طلعت نے کیا اور پروگرام میں شریک مہمانوں کو پگڑی، ٹوپی اور گلدستہ پیش کر اعزاز بخشا گیا۔اس دوران تعلیم میدان میں بہتر کام کرنے والے مدرسہ کے اساتذہ محمد نصر اللہ، محمد سجاد، اشرف رضا کو چیئرمین نے اعزاز سے نواز کر مبارک باد دی۔ موقع پرمانو ٹیچرس ٹریننگ کالج کے پرنسپل پروفیسر فیض احمد نے کہا کہ تعلیم نوبالغان کے ذریعے مدارس کے تعلیمی نظام میں جامع بہتری لائی جا رہی ہے ۔موقع پر مدرسہ امپلائیڈ ٹیچرس ایسوسی ایشن کے ضلعی سیکرٹری ماسٹر عمران عالم، ڈسٹرکٹ کونسلر محمد جلال الدین، محمد ذوالقرنین، مولانا ریاض حسین، اساتذہ قیصر خان، ثناء خان، پرویز اختر، سابق مکھیا امجد عباس، یوتھ جے ڈی یو کے صدر ارشاد عالم وغیرہ موجود تھے۔

Comments are closed.