شاعری ان منظم جذبات کا نام ہے جو فی البدیہہ نازل ہوتے ہیں:ارشاد انصاری
بزمِ ایوانِ غزل کا ماہانہ عظیم الشان طرحی مشاعرہ منعقد
سعادت گنج،بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری) شاعری حالات و وقت کی ترجمان ہوتی ہے اور اس معاشرے اور ماحول کی عکاسی کرتی ہے جس میں شاعر رہتا ہے صرف فنِ شاعری ہی شاعری کا موجد نہیں بلکہ وہ جذبات جو شاعر کو شعر کہنے پر مجبور کریں شاعری ہیں، اس کی تعریف ایسے بھی مناسب ہے "شاعری ان منظم جذبات کانام ہے جو فی البدیہہ نازل ہوتے ہیں”
ان خیالات کا اظہار "بزمِ ایوانِ غزل” کے ماہانہ طرحی مشاعرے کے صدر ارشاد انصاری نے اپنے خطبہء صدارت میں کیا۔ آئیڈیل انٹر کالج کے وسیع ہال میں منعقد ہونے والے اس طرحی مشاعرہ کی نظامت کے فرائض طنز و مزاح کے معروف اور کہنہ مشق نمائندہ شاعر بیڈھب بارہ بنکوی نے انجام فرمائے ، مشاعرہ کا آغاز شمشاد رائے پوری نےحمدِ باری تعالٰی اور ابو ہریرہ احمد نے نعتِ پاک سے کیا اس کے بعد دئے گئے مصرع طرح
"وہ رہیں گے بھلا خفا کب تک”
پر باقاعدہ مشاعرہ کی ابتداء ہوئی مشاعرہ بے انتہا کامیاب رہا بہت زیادہ پسند کئے گئے اشعار کا انتخاب نذرِ قارئین ہے ملاحظہ فرمائیں ۔
دیکھ کر جس کو ہوش اڑ جائیں
وہ دکھائیں گے آپ ادا کب تک
بیڈھب بارہ بنکوی
ہوتی ہے جس میں صرف نسل کشی
ختم ہوگا وہ معرکہ کب تک
ذکی طارق بارہ بنکوی
یاخدا بھیج اب ابابیلیں
ظلم ڈھائے گا ابرہہ کب تک
انور سیلانی
بزدلی کا یہ سلسلہ کب تک
زنگ کھائے گا اسلحہ کب تک
ظہیر رامپوری
پوچھو نزدیک سے تو بتلائیں
ختم ہوگا یہ فاصلہ کب تک
مشتاق بزمی
کچھ سمجھ میں مرے نہیں آتا
وہ رہیں گے بھلا خفا کب تک
عبید عزمی
جس کی غیرت ہی مر گئی اس کو
تم دکھاؤ گے آئینہ کب تک
صغیر قاسمی
قصرِ باطل پہ اے مرے مولا
جھنڈا لہرائے گا ہرا کب تک
ابو ہریرہ احمد
اک نہ اک دن انھیں منا لوں گا
وہ رہیں گے بھلا خفا کب تک
اسعد حمزہ
سننے والے چلے گئے تھے سب
چپ نہ رہتا تو بولتا کب تک
ارشد عمیر
اک نہ اک دن تو موت آنی ہے
زندگی ساتھ ہے ترا کب تک
سحر ایوبی
موت حاصل ہے زندگی کا جب
موت سے کوئی بھاگتا کب تک
راشد چوکھنڈوی
مذکورہ بالا شعراء کے علاوہ ابوذرانصاری، اظہار حیات، طالب نور اور شمشاد رائے پوری وغیرہ نے بھی اپنا اپنا طرحی کلام پیش کیا اور خوب داد و تحسین حاصل کی، سامعین میں ماسٹر محمد وسیم، ماسٹر محمد قسیم، ماسٹر محمد حلیم، محمد سفیان اعطاق، ماسٹر راشد انصاری صاحبان کے نام بھی قابلِ ذکر ہیں۔
بزمِ ایوانِ غزل کا آئندہ طرحی مشاعرہ بہ مصرع طرح
"بھوک تکتی رہی روٹیاں دیر تک”
بتاریخ 26/ نومبر بروز اتوار کو ہوگا۔
Comments are closed.