مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں
آر ایم پی ایس اے ایم یو سٹی اسکول نے انٹر اسکول والی بال ٹورنامنٹ جیتا
علی گڑھ، 30 اکتوبر: بانی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سرسید احمد خاں کے یوم پیدائش کے موقع پر اے بی کے ہائی اسکول، اے ایم یو کے زیر اہتمام منعقدہ ضلع سطح کے تین روزہ انٹر اسکول والی بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں راجہ مہندر پرتاپ سنگھ اے ایم یو سٹی اسکول کی ٹیم نے البرکات پبلک اسکول کو شکست دے کر خطاب پر قبضہ کیا۔
تقسیم انعامات تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر اکرام حسین (شعبہ فزیکل ایجوکیشن) اور مہمان خاص محترمہ عزیزہ رضوی (سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر، شعبہ فزیکل ایجوکیشن) تھے ، جنھوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کی صحت اور دماغی تندرستی کے لئے کھیلوں کے مقابلے ضروری ہیں، جو طلباء کے اندر نظم و ضبط بھی پیدا کرتے ہیں۔
انہوں نے تمام شرکاء میں اسناد تقسیم کیں اور فاتح اور رنر اپ ٹیموں اور ان کے کوچ کو یادگاری نشانات سے نوازا۔
قبل ازیں مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسکول کی پرنسپل ڈاکٹر ثمینہ نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اچھے اقدار کو اپنائیں اوروقت کے درست استعمال اور باہمی تعاون کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد میں تعاون کے لئے سبھی متعلقین کا شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں ٹورنامنٹ کا افتتاح پروفیسر اسفر علی خان، ڈائرکٹر، ڈائریکٹریٹ آف اسکول ایجوکیشن ، اے ایم یو نے کیا تھا۔ افتتاحی تقریب میں پروفیسر قدسیہ تحسین مہمان اعزازی تھیں۔ محترمہ عزیزہ رضوی اور جناب سردار حسین، والی بال کوچ، اے ایم یو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مسٹر رئیس احمد اور محترمہ ندا عثمانی پروگرام کوآرڈینیٹر تھے۔
سی اے، اگروال اینڈ سنز، ایم ایس فرنیچر، سی این ای ٹی سیکیورٹی سسٹم، کاپیئر پوائنٹ، انوار بک ڈپو، کاپیئر سسٹم مشین اور بلاد اسپورٹس نے ٹورنامنٹ کو اسپانسر کیا تھا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے سابق طالب علم پرائم منسٹر ریسرچ فیلوشپ کے لیے منتخب
علی گڑھ، 30 اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ جیولوجی کے سابق طالب علم محمد نواز خاں، جو فی الحال آئی آئی ٹی بامبے میں آئی آئی ٹی بی-موناش ریسرچ اکیڈمی ( ہندوستانی-آسٹریلیائی تحقیقی تعاون) کے مشترکہ پی ایچ ڈی پروگرام کے تحت ریسرچ کر رہے ہیں، کو راست داخلہ اسکیم کے تحت پرائم منسٹر ریسرچ فیلوشپ اسکیم کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔
صدر شعبہ پروفیسر کنور فراہیم خان نے اس کامیابی کے لئے نواز خاں کو مبارکباد پیش کی۔
٭٭٭٭٭٭
معین الدین احمد آرٹ گیلری میں پینٹنگ کی نمائش کا آغاز
علی گڑھ، 30 اکتوبر: فائن آرٹس کلب، کلچرل ایجوکیشن سنٹر (سی ای سی) ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے بی ایف اے اور ایم ایف اے کے طلباء کے فن پاروں اور نامور خطاط مہدی کے خطاطی نمونوں کی نمائش کا اہتمام کیا ہے، جس کا افتتاح مسٹر شلبھ ماتھر (ڈی آئی جی، علی گڑھ) اور پروفیسر ایف ایس شیرانی (کوآرڈینیٹر، سی ای سی) نے معین الدین احمد آرٹ گیلری میں کیا۔
مسٹر ماتھر نے پینٹنگز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پینٹنگز کی نوعیت نوجوان فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں اور ندرت خیال کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں شامل ہر پینٹنگ زندگی کی ایک مختلف کہانی بیان کرتی ہے اور آرٹ کا ہر نمونہ منفرد انداز رکھتا ہے۔
فائن آرٹس کلب کی صدر ڈاکٹر اسماء کاظمی نے بتایا کہ ’فطرت کو بچائیں‘ کے عنوان پر مبنی یہ نمائش 6 نومبر کو ختم ہوگی۔
نمائش کے انعقاد میں کلب کی سکریٹری بشریٰ ناز، عرشان، وریشہ، رضا، حارث، الودین تنزیل، لائبہ اور نمرہ نے کلیدی کردار ادا کیا۔
٭٭٭٭٭٭
اجمل خاں طبیہ کالج میں سورائسس کا عالمی دن منایا گیا
علی گڑھ، 30 اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اجمل خاں طبیہ کالج و اسپتال میں مریضوں و عام لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے لئے سورائیسس کا عالمی دن منایا گیا۔
سورائسس کا عالمی دن ہر سال 29 اکتوبر کو پوری دنیا میں منایا جاتا ہے اور اس سال کا عنوان تھا ’’سبھی تک رسائی‘‘، یعنی ہر مریض کو بغیر کسی تعصب کے علاج کی سہولت ملنی چاہئے۔ اس موقع پر طلباء، مریضوں اور صحت کارکنوں میں آگہی پیدا کرنے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔
انڈر گریجویٹ طلباء اور انٹرنز کے درمیان کوئز مقابلہ منعقد کیا گیا جس میں مسٹر مظہر ناصر نے پہلا انعام جبکہ محمد شعیب اور محمد اخلد نے دوسرا انعام حاصل کیا۔ انڈر گریجویٹ زمرہ میں مس خان عائشہ حامد اور مس نازش نیازی نے سوم انعام حاصل کیا۔ پوسٹ گریجویٹ سطح پر ڈاکٹر ملک نزہت اور ڈاکٹر حفصہ طارق کو ’ینگ ڈرما ایسپائرنٹ ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔
پوسٹر سازی کے مقابلے میں مسٹر عبدالرحمٰن، محترمہ ترنم، محترمہ نازش نیازی، محترمہ آسیہ معصوم اور محترمہ طوبیٰ ارم کے پانچ پوسٹرز کو ایوارڈ ملے۔
ڈاکٹر محمد محسن، کنسلٹنٹ ڈرماٹولوجسٹ، اجمل خاں طبیہ کالج نے پروگراموں کی نگرانی کی۔ انہوں نے بیماری کے سلسلہ میں مفروضات اور حقائق کے حوالے سے گفتگو کی اور بتایا کہ سورائسس ہونے پر کیا کرنا چاہئے اور کیا نہیں کرنا چاہئے۔
پروفیسر عبید اللہ خاں، ڈین، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن، پروفیسر بی ڈی خان، پرنسپل، اجمل خاں طبیہ کالج، پروفیسر تبسم لطافت اور پروفیسر ایف ایس شیرانی نے مختلف مقابلوں کے فاتحین کو ایوارڈ و انعامات پیش کیے۔ ڈاکٹر عطاء اللہ فہد، ڈاکٹر عرشی ریاض، ڈاکٹر ایم انس، ڈاکٹر ایم شعیب اور ڈاکٹر ابیہا خان پروگراموں کے کنوینر اور مقابلوں کے جج تھے۔
٭٭٭٭٭٭
Comments are closed.