قرآن کریم کے ہندوستانی تراجم و تفاسیرپر سیمینار5نومبر کو پٹنہ میں
آل انڈیا ملی کونسل بہاراور ابو الکلام ریسرچ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقد ہو گا سیمینار، تیاریاں جاری
پٹنہ(پریس ریلیز)آل انڈیا ملی کونسل بہار اور ابو الکلام ریسرچ فاؤنڈیشن پٹنہ کے اشتراک سے”قرآن مجید کے ہندوستانی تراجم وتفاسیر“ کے عنوان پر یک روزہ سیمینار05/نومبر 2023ء، بروزاتوار،بہاراردواکیڈمی پٹنہ کے ہال میں منعقد ہورہا ہے، اس سیمینار کی صدارت آل انڈیا ملی کونسل بہار کے قومی نائب صدر مفکر ملت حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب فرمائیں گے۔آل انڈیا ملی کونسل بہار کے سکریٹری مولانا سید محمد عادل فریدی نے میڈیا کو بتایا کہ سیمینار کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ ملک کے مختلف گوشوں سے اہل قلم علماء و دانشوران کے مقالات موصول ہو چکے ہیں۔ اور انتظام و انصرام سے متعلق تیاریاں جاری ہیں۔ انتظام و انصرام کے سلسلہ میں جائزہ کے لیے ایک اہم نشست آج ملی کونسل بہار کے ریاستی دفتر پھلواری شریف پٹنہ میں منعقد ہوئی، جس میں کونسل کے قومی نائب صدر حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی کے علاوہ جوائنٹ جنرل سکریٹری مولانا محمد ابوالکلام شمسی، کارگزار سکریٹری مولانا مفتی محمد نافع عارفی کے علاوہ ملی کونسل بہار کے ذمہ داران و کارکنان؛ مولانا محمد رضاء اللہ قاسمی، مولانا ابو نصر ہاشم ندوی، رئیس المبلغین مولانا نور عالم رحمانی، مولانا انیس الرحمن قاسمی مبلغ، مولانا جمال الدین قاسمی، مولانا نسیم احمد، مولانا فیضان قاسمی وغیرہ نے شرکت کی اور تیاریوں کا جائزہ لینے کے ساتھ سیمینارکے کامیاب اور با مقصد انعقاد کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سیمینار کے اغراض و مقاصد کی نشاندہی کرتے ہوئے حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب قومی نائب صدرآل انڈیا ملی کونسل نے کہا کہ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب ہے اورقیامت تک آنے والے انسانوں کی کامیابی وکامرانی اس کتاب سے وابستہ کردی گئی ہے۔ عہد صحابہ ہی سے کتاب الٰہی پر غوروتدبر اوراس کی خدمت کی طویل تاریخ ہمیں ملتی ہے۔ ہر دورکے اہل علم وادب اورصاحب فکرونظر قرآن کریم کی خدمت اپنے لیے باعث صد افتخار اوروجہ نجات سمجھتے رہے ہیں۔ ہمارا ملک ہندوستان بھی قرآن مجید کی خدمت میں کسی سے پیچھے نہیں رہا۔مختلف ہندوستانی زبانوں میں قرآن کریم کے ترجمے کیے گئے اورتفسیریں لکھی گئیں۔مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے اہل علم وتحقیق نے قرآن کریم کی تفسیریں لکھی ہیں اورترجمے کیے ہیں۔ برصغیر میں خدمت قرآن کی ایک روشن تاریخ موجود ہے۔قرآن کریم سے رشتہ استوارکرنے اورخدمت قرآن کی روشن تاریخ سے واقفیت حاصل کرنے کی غرض سے”ابوالکلام ریسرچ فاؤنڈیشن“ پٹنہ اور”آل انڈیا ملی کونسل“ بہار کے اشتراک سے”قرآن مجید کے ہندوستانی تراجم وتفاسیر“ کے عنوان پر یک روزہ سیمینار05/نومبر 2023ء، بروزاتوار،بہاراردواکیڈمی پٹنہ کے ہال میں منعقد ہورہا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس سیمینارکے مثبت اور دیر پا نتائج ظاہر ہوں گے اور قرآن کریم سے متعلق مفید معلومات کے ساتھ ساتھ تحقیق و ریسرچ کا شوق نوجوان نسلوں میں پیدا ہو گا۔ حضرت مولانا نے علماء، ائمہ کرام اور دانشوران سے خاص طور پر اس سیمینار میں شرکت کی اپیل کی ہے۔
Comments are closed.