اعلی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم و تربیت کی کوشش لائق تحسین : پروفیسر شکیل قاسمی

پٹنہ(پریس ریلیز)آج کے مقابلہ جاتی دور میں نئی نسل کی معیاری تعلیم بے حد ضروری ہے تاکہ اس کا مستقبل روشن و تابناک ہو سکے، وہ ملت کے لیے لائق افتخار اور وجہ مسرت و شادمانی ہو۔ ترقی کی شاہراہ میدان علم سے ہو کر گزرتی ہے، جسے ترقی کرنی ہے اسے علم میں کمال پیدا کرنا ہوگا، ملت کو اس سلسلے میں حساس اور بیدار رہنا چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ہمارا اور ہمارے بچوں کا ایک اور حقیقی مستقبل ہے اور وہ ہے آخرت، جو ہمارے ایمان و عقیدے کا حصہ ہے۔ وہاں کی کامیابی بھی ہمارے پیش نظر رہنی چاہیے۔ ایسا نہ ہو کہ ضرورت زندگی کے حصول میں ہم مقصد حیات کو فراموش کر جائیں، یہ بڑے خسارے اور نقصان کی بات ہوگی۔ فاران فاؤنڈیشن انڈیا کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مولانا شکیل احمد قاسمی، پٹنہ نے جامع مسجد، جگی کا چوراہا، نئی سڑک، پٹنہ سٹی میں سیرت النبی کی مناسبت سے منعقد اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ خیالات کا اظہار کیا۔
مولانا قاسمی نے سیرت کے انعامی مقابلے میں مدارس اور اسکولوں کے بچوں کی بڑی تعداد میں شرکت اور دلچسپی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے امام مسجد مفتی ابو اللیث صاحب، حیدر صاحب، مسجد کے منتظمین، گارجین حضرات کو مبارکباد دی اور اس کوشش و کاوش کی تحسین کی۔ پروگرام میں ڈاکٹر منظر صاحب، پروفیسر صلاح الدین صاحب، علماء، ائمہ کرام اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

Comments are closed.