نئے ہندوستان کی تشکیل کے لیے بدعنوانی کا خاتمہ پہلی شرط :پروفیسراقتدار محمد خان

شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں ’’ویجلنس بیداری ہفتہ۳۰؍اکتوبرتا۵نومبر‘‘ کا آغاز
نئی دہلی:یکم؍نومبر(پریس ریلیز)
’’بدعنوانی کے خاتمے کے لیے سماجی شعور بیدار کرنا وقت کا تقاضا ہے،اس ناسور کی حوصلہ شکنی کے لیے ہر مکتبہ فکر کے افراد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور اسلام بھی اسی کی تلقین کرتا ہے۔‘‘ان خیالات کا اظہارپروفیسراقتدار محمد خان،صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز، جامعہ ملیہ اسلامیہ،نئی دہلی نے بزمِ طلبہ کے زیرِ اہتمام ایک پروگرام میں کیا۔ واضح رہے کہ یہ پروگرام قومی ترقی برائے انسانی وسائل اورسینٹرل ویجلنس کمیشن کی جانب سے ’’ویجلنس بیداری ہفتہ(۳۰؍ اکتوبر تا ۵ نومبر) ‘‘بہ عنوان ’’بدعنوانی کو نا کہیں،ملک کے تئیں وقف رہیں ‘‘کے تحت منایا جارہا ہے جس میں طلبہ کے درمیان ریلی اورپوسٹرمیکنگ،ڈبیٹ اورسلوگن رائیٹنگ وغیرہ کے مقابلے ہوںگے۔صدر شعبہ نے مزیدفرمایا کہ اس حوالے سے مجھے شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے طالب علموں سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں،جو سماجی، سیاسی، اقتصادی اوردیگر محرکات کو تبدیل کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔وہ یقینابدعنوانی کے خلاف اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔بزم طلبہ کے مشیر ڈاکٹر خورشید آفاق نے فرمایا کہ انسداد بدعنوانی کے لیے اسوہ حسنہ کی طرف دیکھنا چاہیے جس میں رہتی دنیا تک کے حکم رانوں کے لیے نادر مثالیں موجود ہیں۔اسی دوران شعبہ کے ’’وومن سیل ‘‘کے مشیر ڈاکٹر محمد ارشداورانچارج ڈاکٹر ندیم سحر عنبریں کی سرپرستی میں ’’علوم اسلامی میں خواتین کی خدمات‘‘کے موضوع پر منعقد مضمون نویسی اورجامعہ ملیہ اسلامیہ کی یوم تاسیس کے موقع پر ہونے والے مختلف مقابلوں کے نتائج کا اعلان کیا گیا جس کی تفصیلات حسب ذیل ہیں:مضمون نویسی میں محمد طہ نسیم(اسلامک اسٹڈیز)نے اول،عارفہ شکیل(اسلامک اسٹڈیز)نے دوم،شائنہ خاتون(شعبہ عربی)نے سوم پوزیشن حاصل کی،جب کہ محمد محی الدین(شعبہ عربی)اورفارحہ ارشاد (اسلامک اسٹڈیز)نے تشجیعی انعامات حاصل کیے۔خطاطی میں شعبہ اسلامک اسٹڈیز کی عمارہ خاتون:اول،صائمہ ناز:دوم،صائمہ عابدنے سوم پوزیشن حاصل کی،خنساء اور ندا احمد کو تشجیعی انعامات دیے گئے۔ کوئز مقابلے میں شفیع الحسن(شعبہ سیاسیات)نے اول،رقیہ فہیم سیفی(اسلامک اسٹڈیز)نے دوم اور شمس الدین (اسلامک اسٹڈیز) نے سوم پوزیشن حاصل کی۔حکم کے فرائض ڈاکٹر محمد تحسین زماں،ڈاکٹر جاوید اختر،ڈاکٹر انیس الرحمان،ڈاکٹر محمد اسامہ،ڈاکٹر ندیم سحر عنبریں،ڈاکٹرمحمد علی وغیرہ نے انجام دیے۔ پروگرام کو کام یاب بنانے میں بزم طلبہ کے نائب صدر ابوسالم یحییٰ،جنرل سکریٹری محمد حمزہ،جوائنٹ سکریٹری محمد شرجیل،محمد عتیق اوردیگران ممبران علیزہ خان،نداپروین،محمد شہنواز،جویریہ عبداللہ،محمد ریحان،بلال احمد،انس قریشی،محمد مصطفیٰ دانیال،درخشاں،منزہ جعفری،آفرین جاوید،صادقہ ارم اورسکینہ خلودوغیرہ کا اہم کردار رہا۔

Comments are closed.