کیوٹی میں شادی شدہ نوجوان کی پراسرار حالت میں پھندے سے لٹکی لاش برآمد، سابق گرل فرینڈ پر قتل کا شبہ

جالے(محمدرفیع ساگر؍بی این ایس)کیوٹی تھانہ علاقہ کے ننورا گاوں میں اپیندر رام کے بیٹے رنجیت رام کی پھندے سے لٹکی لاش پائی گئی ہے جو ایک دن پہلے گھر سے نکلا تھا۔وہ شادی شدہ بھی تھا اور پیشے سے کمپاونڈر تھا۔اس کے قتل کا الزام مقتول کے گھر والوں نے ایک خاتون پر لگایا ہے جو کیس رفع دفع کرنے کے لئے 10 لاکھ روپے مانگ رہی تھی ۔اس نے رقم نہ دینے پر جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی تھی۔جس خاتون پر قتل کا الزام لگایا جارہا ہے وہ مقتول کی سابق گرل فرینڈ بتائی جارہی ہے۔گھر والوں کا الزام ہے کہ رنجیت کا قتل کرکے اس کی لاش کو درخت سے لٹکا کر خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس دوران ایس ایس پی اوکاش کمار نے بتایا کہ کیوٹی تھانہ علاقہ میں ایک نوجوان کی موت ہوئی ہے۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ یہ قتل ہے یا خودکشی۔ رنجیت پیشے سے کمپاؤنڈر کا کام کرتا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ شادی سے پہلے رنجیت کو گاؤں کی ایک لڑکی سے پیار تھا۔ اس کے لیے وہ جیل بھی جا چکا تھا۔ فی الحال وہ ضمانت پر تھا اور اپنی نئی شادی شدہ زندگی گزار رہا تھا۔
متوفی رنجیت کے سسر اشونی رام نے بتایا کہ یکم نومبر کو ان کے داماد نے انہیں فون کیا اور کہا کہ ایک خاتون کیس اٹھانے کے لیے ان سے 10 لاکھ روپے مانگ رہی ہے اور جان سے مارنے کی دھمکی بھی دے رہی ہے۔اس کا کہنا ہے کہ پیسہ نہیں دینے پر اسے قتل کر کے اس کی لاش درخت سے لٹکا دی گئی۔
اس سلسلے میں موقع پر پہنچی کیوٹی تھانہ انچارج رانی کماری نے بتایا کہ لاش کو درخت سے اتارنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایم سی ایچ بھیج دیا گیا ہے۔ کیس کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ایس ایس پی اوکاش کمار نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ سامنے آئے گی۔پولیس معاملے کی گہرائی سے جانچ کر رہی ہے۔

Comments are closed.