مدارس میں اخلاقی قدروں کی حفاظت اور حسن سلوک کا درس ملتا ہے: مولانا خالد سیف اللہ رحمانی
عوامی نمائندے بلا تفریق انسانیت کی خدمت کا جذبہ رکھیں : قاری صہیب
سماجی ہم آہنگی کے موضوع پر دارالعلوم سبیل الفلاح میں منعقدہ تقریب سے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر اور ایم ایل سی کا خطاب
جالے(محمد رفیع ساگر /بی این ایس)مدارس اسلامیہ کی بقا اور اس کا تحفظ ہم سب کی اخلاقی ذمہ داری ہے ،یہ وہ ادارے ہیں جہاں اخلاقی قدروں کی حفاظت اور ایک دوسرے کے ساتھ حسن سلوک سکھایا جاتا ہے ،آپسی رواداری کے درس کے ساتھ اپنے ملک سے محبت اور بھائی چارگی کی تعلیم دی جاتی ہے، ان خیالات کا اظہار عالمی شہرت یافتہ عالم دین فقیہ عصرمولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اپنے آبائی گاؤں میں قائم کردہ ادارہ دارالعلوم سبیل الفلاح جالے میں علماء، دانشوران اور نو منتخب چیف کونسلر، ڈپٹی کونسلر اور وارڈ پارشد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مولانا رحمانی نے کہا ملک کے موجودہ پس منظر میں ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم آپسی بھائی چارگی ،ہندو مسلم اتحاد کی بقا کے لئے بھرپور کو شش کریں تاکہ شرپسند عناصر کےذریعہ ملک میں جو ہنگامہ آرائی اور ہندو مسلم اتحاد کو توڑ نےکی کوشش کی جارہی ہے اس کا بہت خاموش جواب دیا جاسکے، مولانا رحمانی نے کہا کہ مجھے اپنے گاؤں میں ہندو مسلم سیاسی سماجی لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر اور مختلف مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے خوشی کا احساس ہورہا ہے۔ انہوں نے اپنے گاؤں کے سرکردہ سیاسی لوگوں سے کہا کہ ہم سب مل کر ایسا ہندو مسلم اتحاد کی فضا کو قائم کریں کہ پورا ملک مثال میں پیش کرے کہ اگر ہندو مسلم اتحاد کو دیکھنا ہوتو جالے میں جاکر دیکھو۔ انہوں نے کہا کہ کورونا بحران میں اخلاقیات کا امتحان لیا گیا۔بلاتفریق انسانیت کی خدمت میں آگے آئیں اور سب کا احترام کریں۔ہماری کوشش رہے کہ ہم دلوں کو کاٹنے والا نہیں بلکہ دلوں کو جوڑنے والا بنیں۔
اس موقعہ پر ایم ایل سی قاری صہیب نے مولانا کے بورڈ کے صدر منتخب ہونے پر مبارکبادی پیش کیا ۔انہوں نے اپنے خطاب میں نو منتخب عوامی نمائندگان کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ آدمی اپنے عزم سے جیتتا ہے ۔آپ انسانیت کی خدمت کا عزم لیکر آئے اور کامیاب ہوئے۔انہوں نے کہا کہ آپ پر لوگوں کا اعتماد ہے اس لئے بلا تفریق ان کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں۔
صدر شعبہ اردو علاج بالتدبیر سکریٹری اعزازی دارالعلوم سبیل الفلاح جالے ڈاکٹر مظفر الاسلام عارف نے آئے ہوئے مہمانوں کا پر زور استقبال کیا ،مفتی عامر مظہری نے مدرسہ کا تعارف پیش کیا ،کانگریسی رہنما صادق آرزو نے آئے ہوئے نومنتخب وارڈ پارشد کا تعارف کرایا ۔پروگرام کا آغاز مدرسہ کے طالب علم حافظ معظم کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور تلاوت کردہ آیات کا ہندی زبان میں ترجمہ مولانا عفان قاسمی نے پیش کیا ۔مولانا محمد عباس قاسمی اور مولانا محمد اسلم سبیلی نے مشترکہ طورپر آئے ہوئے لوگوں کا شکریہ ادا کیا ۔مفتی نصیرالدین قاسمی ،قاری نعمت اللہ نے انتظام کی نگرانی کی۔ اس اہم موقعہ پر متھلانچل کے مطابق عوامی نمائندوں اور جالے کی سرکردہ شخصیات کا استقبال پاگ اور شال پیش کر کیاگیا،اس موقعہ پر میئر نمائندہ پون کمار مہتا، ڈپٹی میئر شمشاد خان، وارڈ پارشد مرزا آرزو بیگ ،اختر جالوی ،محمد ممتاز گرری ،عبدالقادر، اسامہ خان،راجو قریشی مولانا غلام مذکر خان، محمد قمر ،مرزا عالم بیگ ،رامو سنگھ ،حفظ الرحمان، صحافی عارف اقبال ، ماسٹر کشف الدجی لڈن، سابق مکھیا محمد تاج، کلام خان، محمد جامی ،سلطان بیگ کے علاوہ بڑی تعدادمیں سیاسی وسماجی شخصیات موجود تھے ۔
Comments are closed.