والدین اپنی بچیوں کو دینی تعلیم کے ساتھ اعلی تعلیم دلوانے میں دلچسپی لیں: مولانا خالد سیف اللہ رحمانی
مظفر احسن رحمانی کی چھوٹی بیٹی صفیہ انجم کو آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر نے ناظرہ قرآن پڑھایا
جالے(محمد رفیع ساگر /بی این ایس)بچوں کی دینی تعلیم پر بہت متوجہ رہنا ہر ماں باپ کی ذمہ داری ہے ،وہ گھر اور گھرانہ قابل مبارکباد ہے جہاں بچوں کی دینی تعلیم کے ساتھ ان کی اخلاقی قدروں اور ہنر مندی پر توجہ دی جاتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار عالمی شہرت یافتہ عالم دین فقیہ عصر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اپنے گھر جالے میں ایک سادہ تقریب میں مولانا مظفر احسن رحمانی کی سب سے چھوٹی بیٹی صفیہ انجم کے ناظرہ قرآن کے افتتاح کے موقعہ پر کیا۔ مولانا رحمانی نے کہا کہ وہ والدین خوش نصیب ہیں جو دینی نہج پر بچوں کی تربیت کرتے ہیں۔ انہوں نے گھر میں موجود عورتوں کو فرائض کے اہتمام تیسرا کلمہ ،درودو شریف کا ورد اور استغفار کثرت سے پڑھنے کی تلقین کی ۔مولانا رحمانی نے کہا کہ ہمیں خوبصورت مکان زمین کی خریداری سے زیادہ اس بات پر خوشی ہوتی ہے کہ بچے اور بچیاں اعلی تعلیم میں سبقت لے جائیں ،ہمیں سماج میں ہنر مند بچوں کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کیونکہ ملک اور سماج کی ترقی میں یہ اہم کردار نبھا سکتے ہیں ۔مولانا رحمانی نے اپنی نجی مجلس میں کہا کہ علماء کوبھی پڑھنے پڑھانے کے ساتھ تجارت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ،اس موقعہ پر مولانا رحمانی کے بہار نمائندہ مولانا مظفر احسن رحمانی، مولانا مبشر عزیز رحمانی، کلیم اللہ سیفی، ماسٹر فیاض احمد بھاگلپوری ،وغیرہ موجود تھے ،اس کے بعد مولانا کی رقت آمیز دعا پر تقریب اختتام پذیر ہوئی۔
Comments are closed.