تسمیہ جونئر ہائی اسکول میں کھیل مقابلو ں کا انعقاد
کھیلوں سے خود اعتمادی اور قائدانہ صلاحیتیں فروغ پاتی ہیں: جاوید مظہر
دیوبند،13؍ نومبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
معروف عصری تعلیمی ادارہ تسمیہ جونیئر ہائی اسکول میں اسپورٹس ڈے اور یوم اطفال کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز گارڈ آف آنر سے کیا گیا۔ اسکول کے منیجر سید اعجاز احمد اور پرنسپل جاوید مظہر نے ہری جھنڈی دکھا کر کھیلوں کے مقابلوں کا آغاز کیا۔ ان کھیل مقابلوں میں ایل کے جی نے ریبن ڈرل، یو کے جی نے بیلون ڈرل، درجہ ایک کے طلبہ نے بال ڈرل، درجہ دوم کے بچوں نے فلاور ڈرل، درجہ سوم کے طلبہ و طالبات نے پام ڈرل، درجہ چہارم کے طلبہ نے فین ڈرل، درجہ پنجم کے طلبہ نے فلیگ ڈرل، درجہ ششم کے طلبہ و طالبات نے بوتل ڈرل اور یوگا ڈرل، درجہ ہفتم کے طلبہ و طالبات نے امبریلا ڈرل اور درجہ ہشتم کے طلبہ و طالبات نے وینگس ڈرل پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ اس موقع پر تسمیہ جونیئر ہائی اسکول کے پرنسپل جاوید مظہر نے طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں طلبہ کی مجموعی ترقی اور نشوو نما کے لئے کھیل انتہائی ضروری ہیں۔ مختلف کھیل کھیلنے سے طالب علموں کو کئی اہم چیزیں سیکھنے میں مدد ملتی ہے، جیسے ٹیم ورک، لیڈر شپ، خود اعتمادی، جواب دہی اور ذمہ داری، جس سے وہ زندگی کے ہر اچھے اور برے حالات کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ جسمانی تعلیم کی اہمیت ہر دور میں مسلم رہی ہے۔ معیاری تعلیم کے لئے جسم اور دماغ کی نشو و نما کو لازمی قرار دیا گیا ہے، اس کے علاوہ کھیلوں کے ضابطے طالب علموں میں اصول اور قوانین کے احترام کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ اسلئے طلبہ و طالبات کی زندگی میں کھیلوں کی اہمیت بے مثال اور انمول ہے۔ کھیلوں سے نہ صرف ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ شخصیت کی تعمیر و تشکیل کے لئے اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے میں بھی بڑی مدد ملتی ہے اور خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے۔ بعد ازاں کھیلوں کے فائنل مقابلوں کا آغاز ہوا جس میں ابتدائی درجات کے طلبہ و طالبات نے سیمپل ریس، بیک ریس، جمپنگ ریس، ہینکی ریس، بک ہولڈنگ ریس، گلاس ہولڈنگ ریس، اسپون لیمن ریس، کینڈ ل ریس اور سلو سائکل ریس کے علاوہ دیگر مقابلوں میں حصہ لیا۔ اس کے ساتھ ساتھ میوزیکل چیئر ، ڈسک تھرو، کھو کھو، باسکٹ بال اور بیڈمنٹن کے فائنل میچ منعقد ہوئے۔ کھیلو ں کے مقابلوں کے اختتام پر پہلا ، دوسرا اور تیسرا مقام حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔
Comments are closed.