Baseerat Online News Portal

سعودی عرب نےبغیرکوئی وجہ بتائے درجنوں نائیجریائی عازمین عمرہ کو واپس بھیج دیا

بصیرت نیوزڈیسک
ابوجا سے شائع ہونے والے روزنامہ’ ٹرسٹ’ کے مطابق نائیجریا کے مختلف شہروں سے عمرہ ادا کرنے کے لیے سعودی عرب کے شہر مکہ جانے والے درجنوں عازمین اس وقت سخت حیرت زدہ رہ گئے جب جدہ ہوائی اڈے پر حکام نے انہیں شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی اور وطن واپس لوٹ جانے کے لیے کہا۔
رپورٹوں کے مطابق نائیجریا کے شہر لاگوس اور کانو سے 264 عازمین اتوار کے روزعمرہ کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ روانگی سے قبل انہیں باضابطہ ویزے جاری کیے گئے تھے اور طیارہ پر سوار ہونے سے پہلے تمام طرح کی چیکنگ بھی کی گئی تھی۔
لیکن جس وقت ان کا طیارہ ابھی پرواز میں ہی تھا ان کے ویزے منسوخ کردیے گئے۔
جب ان لوگوں کا طیارہ جدہ ہوائی اڈے پر اترا تو سعودی حکام نے انہیں شہر میں داخل ہونے کی اجازت دینے سے مبینہ طورپر انکار کردیا اور نائجیریا کے ‘ایئر یپس’ ایئرلائن کو واپس لوٹ جانے کا حکم دیا۔
سعودی حکومت نے اس معاملے پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
متاثرہ عازمین نے نائجیریا کی مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ویزا منسوخ کردیے جانے کی اطلاع سن کر انتہائی حیرت ہوئی کیونکہ انہوں نے تمام قانونی دستاویزات مکمل کرنے کے بعد ہی اپنا سفر شروع کیا تھا۔
روزنامہ ٹرسٹ کے مطابق عازمین عمرہ کو لے کر پیس ایئر کا طیارہ مرتالامحمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اتوار کی رات کو روانہ ہوا تھا اور پیر کو جدہ میں شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا۔ "لیکن ایئرلائن کے عملے کی حیرت کی انتہا نہیں رہی جب سعودی عرب کے حکام نے اعلان کیا کہ تمام مسافروں کے ویزے منسوخ کردیے گئے ہیں۔”
ایئر پیس نے صرف ایک ہفتے قبل ہی سعودی عرب کے لیے راست پرواز شروع کی تھی۔
اس پورے معاملے سے آگاہ ایک ذرائع نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ "ہمیں شبہ ہے کہ یہ اقدام نائیجریائی ایئرلائن کو پریشان کرنے کی کوشش ہے کیونکہ جدہ کے لیے پیس ایئر کے راست پرواز سے کچھ لوگ یقینی طورپر خوش نہیں تھے۔”
انہوں نے کہا کہ دیگر ایئرلائنز اپنے کرایوں میں آخری وقت میں بھی اضافہ کرتے رہتے ہیں جس سے مسافروں کو پریشانی ہوتی ہے جب کہ اس کے مقابلے میں پیس ایئر کے کرایے بھی کافی کم تھے۔
اس غیر معمولی صورت حال کے مدنظر نائیجریائی سفارت خانے کے حکام نے سعودی حکام کے ساتھ رابطہ کیا جس کے بعد سعودی عرب نے 87 عازمین کو مکہ میں داخل ہونے کی اجازت دے دی۔ تاہم 177 دیگر مسافروں کو پیر کی رات کو ہی نائیجریا واپس بھیج دیا گیا۔

Comments are closed.