پاکستان:سابق وزیراعظم نواز شریف سے امریکی سفیر کی ملاقات، سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال
بصیرت نیوزڈیسک
پاکستان کے لیے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے لاہور میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے۔
سنیچر کو پی ایم ایل این کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف اور امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتحال اور خاص طور پر عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں پی ایم ایل این کی چیف آرگنائزر مریم نواز، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
ملاقات میں امریکی سفیر اور نواز شریف نے تجارت، معیشت، موسمیاتی تبدیلیوں، سلامتی اور علاقائی استحکام سمیت دوطرفہ دلچسپی کے مختلف موضوعات پر بھی بات چیت کی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
’قائد مسلم لیگ ن نے خاص طور پر مختلف امریکی رہنماؤں سے اپنی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام امریکی رہنما پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔‘
ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔
بیان کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ ’آج پاکستان کو درپیش لاتعداد مسائل اور بحرانوں سے نکلنے میں پاکستان کے عوام ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کریں گے۔‘
سابق وزیراعظم نے غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا۔
’انہوں نے لڑائی اور ہلاکتوں کا سلسلہ فوری روکنے کا مطالبہ کیا اور متاثرہ عوام کو فی الفور طبی اور انسانی امداد کی فراہمی پر بھی زور دیا۔‘
دو دن قبل نواز شریف سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی ملاقات کی تھی۔
Comments are closed.