حافظ محمدسعید کونامعلوم بدمعاشوں نے گولی مارکر ہلاک کردیا

دیوبند، 29؍نومبر (سمیر چودھری؍بی این ایس)
تحصیل دیوبند کے ناگل تھانہ کے تحت آنے والے گائوں سوہن چڑہ میں کھیت پر ٹیوب ویل بند کرنے جارہے بزرگ کسان حافظ محمد سعید کو نامعلوم بدمعاشوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق تحصیل دیوبند علاقہ کے گائوں سوہن چڑہ کا باشندہ 65؍سالہ حافظ محمد سعید شام کے وقت اپنے کھیت میں چل رہے ٹیوب ویل کو بند کرنے کے لئے گئے تھے، لیکن دیر رات تک جب حافظ سعید صاحب اپنے گھر واپس نہیں پہنچے تو اہل خانہ نے انہیں تلاش کرنا شرع کیا لیکن ان کا کوئی سراغ نہیں مل پایا۔ بعد ازاں رات تقریباً 9؍بجے گائوں کے کچھ لوگ حافظ سعید کو ڈھونڈتے ہوئے گائوں کے باہر واقع کھیت پر پہنچے تو انہیں وہاں خون میں لت پت حافظ سعید کی لاش پڑی ملی۔ ان کے سر اور سینہ پر گولی لگنے کے نشان تھے۔ قتل کی اس واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس محکمہ میں بھی افرا تفری کا عالم پیدا ہو گیا۔ تھانہ انچارج کسم بھاری پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ گئیں اور انہوں نے اس واردات سے متعلق اعلی افسران کو بھی مطلع کیا۔ جس کے بعد ایس پی دیہات ساگر جین اور سی او دیوبند اشوک کمار سسودیہ سوہن چڑا گائوں پہنچ گئے اور انہوں نے قتل کی واردات سے متعلق تفصیلات معلوم کیں۔ حافظ صاحب کے بیٹے مشیر عالم نے بتایا کہ ان کی کسی کوئی رنجش یا دشمنی نہیں ہے،ان کے والد کا قتل کیوں اور کس نے کیاہے انہیں اس کا علم نہیں ہے۔پولیس نے حافظ سعید کے داماد راحت علی کی تحریر پر نامعلوم بدمعاشوں کے خلاف مقدمہ در ج کر کے معاملہ کی جانچ شروع کر دی ہے۔ پوسٹ مارٹم کے بعد غمگین ماحول میں حافظ سعید کو سپرد خاک کر دیا گیا۔
Comments are closed.