مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

بھارتیہ بھاشا اتسو کا اہتمام
علی گڑھ، 2 دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ لسانیات نے ہندوستان کے لسانی تنوع کو ظاہر کرتے ہوئے یکم دسمبر کو بھارتیہ بھاشا اتسو منایا۔ تقریب کا آغاز پوسٹروں کی نمائش کے ساتھ ہوا جس میں ملک کے بھرپور لسانی تنوع کی عکاسی کی گئی تھی۔
شعبہ کے چیئرمین پروفیسر ایم جے وارثی نے مقامی زبانوں کے تحفظ اور فروغ کی اہمیت پر زور دیا اور حاضرین سے کہا کہ وہ اپنی مادری زبانوں پر فخر کریں۔ شعبہ کی آئی سی ٹی لیب میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں اساتذہ، ریسرچ اسکالروں اور طلباء نے شرکت کی۔
٭٭٭٭٭٭
کیتھ لیب ورکشاپ کا انعقاد
علی گڑھ، 2 دسمبر: جے این ایم سی ایچ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کارڈیالوجی شعبہ نے ایک کیتھ لیب ورکشاپ کا انعقاد کیا،جس میں نارائن ہردیالیہ ، گروگرام کے سینئر کارڈیالوجسٹ پروفیسر سنجے چُگ نے خطبہ دیا۔
پروفیسر چُگ نے دائیں اور بائیں کلائی کے شریانوں سے اینجیو پلاسٹی اور اینجیوگرافی کئے جانے پر خطاب کیا۔ انھوں نے کہاکہ دل کے امراض کے شعبہ میں مسلسل تحقیق ہورہی ہے اور اب جانگھ کی شریانوں کے علاوہ دونوں ہاتھوں کی کلائیوں کی شریانوں سے اینجیوگرافی اور اینجیوپلاسٹی کامیابی کے ساتھ کی جارہی ہے۔ اس سے مریضوں کو فائدہ ہورہا ہے اور وقت بھی کم لگتا ہے۔ اس کے علاوہ ریڈئیشن کا خطرہ بھی کم ہورہا ہے۔
صدر شعبہ پروفیسر آصف حسن نے ریڈیئل انٹرونشن کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جس سے بہتر طبی نتائج برآمد ہورہے ہیں، خون کم ضائع ہوتا ہے اور مریض کو اسپتال میں زیادہ قیام نہیں کرنا پڑتا۔
پروگرام میں پروفیسر ملک اظہر الدین، ڈاکٹر معاذ قدوائی اور ڈاکٹر شاد عبقری بھی موجود تھے۔ ورکشاپ میں اینجیو پلاسٹی سمیت 12 کیسز کو کامیابی سے انجام دیا گیا۔
٭٭٭٭٭٭
گروپ ڈسکشن ورکشاپ
علی گڑھ، 2 دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سینٹر فار پروفیشنل کورسز نے پی جی ڈی ایم – آئی بی ؍ بی ایم کے طلباء کے لیے ٹیچر انچارج ڈاکٹر زہیب احمد کی نگرانی میں ایک گروپ ڈسکشن ورکشاپ کا انعقاد کیا۔
پروگرام کے شرکاء کو گروپ ڈسکشن کے نکات سے واقف کرایا گیا جس میں انھوں نے پیشہ ورانہ چیلنجوں کے لیے خود کو تیار کرنے کا عہد کیا۔ طلباء کو ضروری مہارتوں کی جانکاری فراہم کی گئی۔
٭٭٭٭٭٭
ویمنس کالج میں بدر جہاں میموریل اسکالرشپ کی تقسیم
علی گڑھ، 2 دسمبر: ویمنس کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ٹریننگ و پلیسمنٹ آفس (جنرل) کے تعاون سے بدر جہاں میموریل اسکالرشپ کی تقسیم کی گئی۔
ویمنس کالج کی پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتون نے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے اسکالرشپ شروع کرنے کے لئے محترمہ بدر جہاں اور ان کے بیٹے مسٹر فیصل کی ستائش کی۔
ڈاکٹر سید مسرت علی نے طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ یہ اسکالرشپ دراصل اعلیٰ تعلیم کے لئے طالبات کی رہنمائی اور مینٹرشپ کا موقع فراہم کرتی ہے۔
ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر (جنرل) مسٹر سعد حمیدنے تقریب کی نظامت کی اور اعلیٰ تعلیم کی راہ ہموار کرنے کے لئے محترمہ بدر جہاں کے کنبہ کا شکریہ ادا کیا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو فیکلٹی ممبر نے قومی سیمینار میں مقالہ پیش کیا
علی گڑھ، 2 دسمبر: ویمنس کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ہندی سیکشن کی استاد ڈاکٹر عنبرین آفتاب نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانسڈ اسٹڈی، شملہ کے زیر اہتمام تقسیم ہند کا المیہ اور ہندوستان زبانوں کا ادب موضوع پر منعقدہ ایک قومی سیمینار میں اپنا مقالہ پیش کیا۔
تقسیم کے المیہ کے پس منظر میں خواتین کی زندگی (راہی معصوم رضا کے ناولوں کے خصوصی حوالہ سے ) موضوع پر اپنی آن لائن پیشکش میں ڈاکٹر عنبرین نے راہی معصوم رضا کے ناولوں کی روشنی میں تقسیم ہند اور اس کے بعد بھی خواتین کو پہنچنے والے صدمے کا ذکر کیا۔
٭٭٭٭٭٭
راجیو گاندھی سنٹر برائے ذیابیطس و اینڈو کرائنولوجی میں عالمی یوم ذیابیطس پر خصوصی پروگرام کا اہتمام
علی گڑھ، 2 دسمبر: راجیو گاندھی سنٹر برائے ذیابیطس اور اینڈو کرائنولوجی، جے این ایم سی ایچ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے عالمی یوم ذیابیطس کے موقع پر خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا۔
شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حامد اشرف نے حاضرین کو بتایا کہ ہندوستان میں دنیا میں ٹائپ 1 ذیابیطس کا شکار ہونے والے بچوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ ان میں سے زیادہ تر مریض 30 سال سے پہلے ہی فوت ہوجاتے ہیں۔ وسائل کی کمی والے علاقوں میں ٹائپ 1 ذیابیطس کے مریض کی دیکھ بھال آسان نہیں ہوتی۔
انہوں نے بتایا کہ راجیو گاندھی سنٹر برائے ذیابیطس و اینڈو کرائنولوجی میں ٹائپ 1 ذیابیطس ملیٹس کے لیے نوو نورڈسک ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے قائم سینٹر آف ایکسلینس، 18 سال سے کم عمر کے مریضوں کو مفت انسانی انسولین اور انسولین پین فراہم کر کے عمدہ کام کر رہا ہے۔ یہ مرکز ٹائپ 1 ذیابیطس کے علاج کے بارے میں ضروری طبی معلومات بھی فراہم کرتا ہے۔
پروگرام کے دوران مسز مدیحہ نے ٹائپ 1 ذیابیطس کی ذاتی آزمائش اور اپنے تجربہ پر مبنی ایک پرزنٹیشن دیا۔ اس کے بعد ٹائپ 1 ذیابیطس کے مریضوں کے لیے ایک کوئز (افواہ بمقابلہ حقائق) کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر ایک پینل ڈسکشن میں پروفیسر جمال احمد، سابق ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن، اے ایم یو، ڈاکٹر عاصم صدیقی ،کنسلٹنٹ اینڈو کرائنولوجسٹ، اندر پرستھ اپولو اسپتال، نئی دہلی، ڈاکٹر سید محمد رازی ،کنسلٹنٹ اینڈو کرائنولوجسٹ، سری سائی اسپتال، مرادآباد، اور ڈاکٹر ارشد باری، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ فزیکل ایجوکیشن ، اے ایم یو نے اپنے تجربات سے مستفید کیا۔
پروفیسر جمال احمد نے ذیابیطس کی مختلف اقسام، ٹائپ 1 ذیابیطس کے مریضوں میں زندگی بھر انسولین کی ضرورت، انسولین کی اقسام اور ہائپوگلائسیمیا کے علاج پر گفتگو کی۔ ڈاکٹر عاصم صدیقی نے ذیابیطس ملیٹس کی علامات ، انسولین کے استعمال، ٹائپ 1 ذیابیطس ملیٹس کے علاج میں ہونے والی جدید ترین تکنیکی ترقیات اور ذیابیطس کی طویل مدتی پیچیدگیوں پر اظہار خیال کیا۔ ڈاکٹر سید محمد رازی نے ٹائپ 1 ذیابیطس کے خطرے کے عوامل، خون میں گلوکوز کی نگرانی، علاج کے اہداف، ٹائپ 1 ذیابیطس کے مریضوں کی غذا، اور ٹائپ 1 ذیابیطس کے مریضوں میں پیدا ہونے والے مسائل پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر ارشد باری نے بڑھے ہوئے خون میں گلوکوز کو کنٹرول کرنے میں ورزش کے کردار، ٹائپ 1 ذیابیطس کے مریض کس قسم کے کھیلوں میں حصہ لے سکتے ہیں، ٹائپ 1 ذیابیطس والے بچوں پر اسکرین ٹائم کے اثرات، ورزش کی مختلف اقسام اور ورزش کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کیں۔ ڈاکٹر عائشہ احمد، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ اطفال، اے ایم یو نے پینل ڈسکشن کی نظامت کی۔
اس پروگرام میں ٹائپ 1 ذیابیطس کے 100 سے زائد مریضوں نے اپنے والدین کے ساتھ شرکت کی۔
ڈاکٹر حامد اشرف نے اپنے رفقاء اور عملے کے اراکین بشمول پروفیسر ایس ایس صدیقی اور ڈاکٹر احمد عالم کا مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کے لئے شکریہ ادا کیا۔انھوں نے مریضوں کی خاطر خواہ مدد کے لئے ذیابیطس ایجوکیٹرز سید فخر الحجاز اعظمی اور یسریٰ ذاکر () کا بھی شکریہ ادا کیا۔
٭٭٭٭٭٭
ایس ٹی ایس اسکول میں عہدے تقسیم کرنے کی سالانہ تقریب منعقد ہوئی
علی گڑھ، 2 دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سیدنا طاہر سیف الدین اسکول (منٹو سرکل) نے طلباء میں قیادت اور ذمہ داری کو فروغ دینے کی اپنی روایت کو جاری رکھتے ہوئے اسمبلی گراؤنڈ پر عہدے تقسیم کرنے کی سالانہ تقریب کا انعقاد کیا جس میں اسکول کے مختلف ہاؤسوں کے عہدے طلباء کو تفویض کئے گئے۔
ایس ٹی ایس اسکول کے پرنسپل مسٹر فیصل نفیس نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں ہاؤس سسٹم کی اسکول کی دیرینہ روایت کا ذکر کیا اور نئے عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ رول ماڈل بنیں اور ایمانداری کے ساتھ اسکول کی اقدار و روایات کو برقرار رکھیں۔
مہمان خصوصی مسٹر عمر ایس پیرزادہ (رابطہ عامہ افسر، اے ایم یو) نے عہدیداروں کو حلف دلاتے ہوئے ا سکول کے قواعد و ضوابط کی پابندی کرنے پر زور دیا۔ پرنسپل نے ہیڈ بوائے اور ڈپٹی ہیڈ بوائے کے ساتھ ’اسکول کا پرچم‘ حاصل کیا جبکہ ہاؤس انچارجوں، ہاؤس ماسٹرز اور عہدیداروں کو ان کے اپنے ہاؤس کے جھنڈے اور بیج دئے گئے۔
کلچرل کوآرڈینیٹر نسرین فاطمہ نے شکریہ ادا کیا، جب کہ مسز عالمہ حسین نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔
اس موقع پر مسٹر محمد طارق (وائس پرنسپل)، مسز ثمینہ یوسف خان (انچارج، پرائمری سیکشن) اور ڈاکٹر تنویر حسین خاں موجود رہے۔
پروگرام کے انعقاد میں محمد عدنان خان، فرحان حبیب، محمد عاصم، مدثر علی رضوی اور ڈاکٹر ذیشان حیدر کے کردارکو سراہا گیا۔
٭٭٭٭٭٭
عالمی یوم ایڈز پر بیداری پروگراموں کا انعقاد
علی گڑھ، 2 دسمبر: عالمی یوم ایڈز پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مختلف اداروں میں بیداری پروگرام منعقد کئے گئے ۔
کالج آف نرسنگ کی بی ایس سی نرسنگ تھرڈ سمسٹر کی طالبات نے ٹراما او پی ڈی میں ایڈز پر ایک نکڑ ناٹک پیش کیا ۔ پرنسپل پروفیسر فرح اعظمی نے بتایا کہ نکڑ ناٹک کا مقصد ایچ آئی وی ؍ ایڈز کی وجوہات ،بچاؤ کے طریقے، علاج اور ایلیسا ٹیسٹ وغیرہ کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔
پیرامیڈیکل کالج میں عالمی یوم ایڈز پر خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں طلباء اور عملہ کے اراکین نے تقریریں کیں۔
پروگرام میں ڈاکٹر واصل حسن، ڈاکٹر انورادھا سنگھ، محترمہ صائمہ احسن اور محترمہ عتیقہ خان موجود تھیں۔ اس موقع پر حاضرین کو حلف دلایا گیا۔ پروگرام کی نظامت انشا فیروز نے کی۔
پروفیسر اکرم احمد خان، ڈین، فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز، اے ایم یو نے فیکلٹی میں منعقدہ پروگرام میں حاضرین کو عالمی یوم ایڈز کا حلف دلایا۔ مختلف شعبوں کے سربراہان، کوآرڈینیٹر، بی ایس سی ( ایگریکلچر) ، اساتذہ، غیر تدریسی عملہ کے اراکین ور طلباء نے جوش و خروش کے ساتھ پروگرام میں حصہ لیا۔
فیکلٹی آف میڈیسن، جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں ایڈز کا عالمی دن منایا گیا جس میں پروفیسر وینا مہیشوری، ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن نے عملے کے اراکین کو حلف دلایا۔
شعبہ زچگی و امراض نسواں نے ایڈز بیداری پروگرام کا اہتمام کرتے ہوئے ایچ آئی وی پر ایک کوئز مقابلہ اور ایک لیکچر کا اہتمام کیا۔
صدر شعبہ پروفیسر زہرہ محسن نے اساتذہ اور عملہ کو حلف دلایا۔
اے ایم یو سٹی گرلز ہائی اسکول نے ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا، جس میں پرنسپل ڈاکٹر محمد عالمگیر نے ایڈز سے بچاؤ اور آگہی کا حلف دلایا۔ مسز تہمینہ اشرف نے بتایا کہ ایڈز سے کیسے بچا جاسکتا ہے اور کون سی احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں ۔
طالبات نے اس سلسلہ میں بیداری کے لئے دلکش پوسٹرز آویزاں کئے تھے۔
بیگم سلطان جہاں ہال میں عملے کے لیے حلف برداری تقریب کا اہتمام کیا گیا اور ایچ آئی وی ؍ ایڈز کے سلسلہ میں بیداری پر زور دیا گیا ۔
سینئر ہال انشا صدیقی کی نگرانی میں منعقدہ اس تقریب میں ایچ آئی وی ؍ ایڈز کے خلاف جنگ میں عوامی بیداری اور یکجہتی کی اہمیت واضح کی گئی۔
٭٭٭٭٭٭

 

Comments are closed.