آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی پہلی بار اتراکھنڈ آمد، UCC کے خلاف مؤقف واضح، تفہیمِ شریعت پروگرام کا اعلان

منگلور، ہریدوار 10 / جولائی (پریس ریلیز) اتراکھنڈ کی سرزمین پر پہلی بار آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی تشریف آوری ہوئی، جہاں ان کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر جامعہ عربیہ مدرسۃ المؤمنین منگلور میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف علمی، ملی اور سماجی شخصیات شریک ہوئیں۔
مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ مسلمانوں کے لیے سب سے پہلی اور اصل چیز دینِ اسلام اور شریعتِ مطہرہ ہے۔ مسلمان ہر حال میں شریعت کے پابند رہیں، یہی ان کی دینی و ملی ذمہ داری ہے۔ اگر ہم سب سچے عزم کے ساتھ شریعت پر کاربند ہو جائیں تو کوئی طاقت ہمیں اس پر عمل کرنے سے نہیں روک سکتی۔
یونیفارم سیول کوڈ (UCC) پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا نے فرمایا کہ یہ مسئلہ کسی ہندو مسلم تنازع کا نام نہیں بلکہ دینی آزادی کا معاملہ ہے۔ اسلام نے "لَكُمْ دِينُكُمْ وَلِيَ دِينِ” کے اصول پر عمل کرتے ہوئے ہمیشہ دوسروں کے مذہب، رسم و رواج کا احترام کیا ہے اور خود اپنی شریعت پر چلنے کا حق مانگا ہے۔
مولانا نے مزید فرمایا کہ ہندوستان کا آئین بھی اسی آزادی کی ضمانت دیتا ہے، جس کے تحت ہر شخص کو اپنے مذہب، تہذیب، عبادات اور خاندانی قوانین پر عمل کرنے کا حق حاصل ہے۔
اپنی تقریر میں مولانا نے مسلم اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں ہماری بقاء کی ضمانت ہمارا ایمان اور ہمارا اتحاد ہے، اس کے سوا کوئی تیسری چیز ہمیں بچا نہیں سکتی۔
نکاح رجسٹریشن سے متعلق مولانا نے اتراکھنڈ کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ فی الحال نکاح کا سرکاری رجسٹریشن نہ کرائیں، کیونکہ یہ عمل آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی طرف سے UCC کے خلاف نینی تال ہائی کورٹ میں زیر سماعت مقدمہ کو کمزور کر سکتا ہے۔
مولانا نے مکاتب کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بڑے مدارس کا قیام اگرچہ فرض کفایہ ہے، لیکن ہر گاؤں، ہر محلہ میں مکاتب کا قائم کرنا اور بچوں کو بنیادی دینی تعلیم دینا فرضِ عین ہے۔
مولانا نے اعلان کیا کہ جلد ہی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی طرف سے اتراکھنڈ میں تفہیم شریعت کے عنوان سے ایک بڑا عوامی پروگرام منعقد کیا جائے گا، جس میں مختلف مکاتب فکر کے علما اور دانشور شریک ہوں گے۔
اس اہم اجلاس کے شرکاء میں مفتی محمد معصوم قاسمی کنوینر اصلاح معاشرہ کمیٹی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اتراکھنڈ، مولانا اسعد اللہ ندوی، مولانا شرافت علی، مولانا عبد الواحد، مفتی توفیق الہی، قاری شمیم احمد، قاضی نظام الدین (ایم ایل اے منگلور) محی الدین انصاری (چیئرمین منگلور) ایڈوکیٹ راغب، حاجی دلشاد (سابق چیئرمین منگلور) اور دیگر معزز علماء و عمائدین قابل ذکر ہیں۔
مفتی محمد معصوم قاسمی نے بتایا کہ بورڈ کے ذمہ داران کا یہ دورہ اہلِ اتراکھنڈ کے لیے دینی و ملی بیداری کا پیغام لے کر آیا ہے، اور ان شاء اللہ آئندہ اس کے مثبت اثرات ریاست بھر میں دیکھنے کو ملیں گے۔
Comments are closed.