اتر پردیش: چور 50 میٹر اونچا موبائل ٹاور لے اُڑے

لکھنؤ(ایجنسی)موبائل فون چوری کی واداتیں تو ہم آئے روز سنتے ہی رہتے ہیں لیکن اترپردیش میں اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جہاں چور موبائل فون نہیں بلکہ موبائل فون کا ٹاور ہی لے اُڑے۔
انگریزی نیوز ویب سائٹ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ واقعہ کوشامبی ضلع کے اُجینی گاؤں میں پیش آیا جہاں ایک ٹیکنیشن نے پولیس سٹیشن میں شکایت درج کرائی کہ 10 ٹن سے زیادہ وزنی 50 میٹر اونچا ٹاور چوری ہو گیا ہے۔
راجیش کمار یادو نامی ٹیکنیشن نے اپنی شکایت میں بتایا کہ ان کی کمپنی نے اس سال جنوری میں کوشامبی ضلع کے اجینی گاؤں میں عبید اللہ نامی شخص کے کھیت میں ٹاور نصب کیا تھا۔ جب انہوں نے 31 مارچ 2023 کو معائنہ کے لیے جائے وقوعہ کا دورہ کیا تو پورا ٹاور سامان سمیت غائب تھا۔
’نہ صرف ٹاور بلکہ ایک شیلٹر، الیکٹریکل فٹنگ اور موبائل ٹاور اسمبلی کا تمام حصہ جس کی مالیت 8.5 لاکھ روپے سے زیادہ تھی، غائب ہو گئے۔‘
پولیس نے ٹیکنیشن کی شکایت پر آئی پی سی کی دفعہ 379 (چوری) کے تحت ایف آئی آر درج کر لی ہے۔
واقعے کی شکایت کے بعد سندیپن گھاٹ پولیس سٹیشن کی ایک ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور زمیندار اور مقامی لوگوں کے بیانات درج کیے۔

Comments are closed.