مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

اے ایم یو اے بی کے اسکول گرلز میں یوم اسپورٹس منایا گیا
علی گڑھ، 11 دسمبر: اے ایم یو اے بی کے اسکول( گرلز) میں یوم اسپورٹس منایا گیا۔اے ایم یو کے ڈائریکٹر آف اسکول ایجوکیشن پروفیسر اسفر علی خاںنے بطور مہمان خصوصی اور پروفیسر قدسیہ تحسین، ڈپٹی ڈائریکٹرنے بطور مہمان اعزازی ، مقابلے جیتنے والے کھلاڑیوں کو شیلڈ ، میڈل اور سرٹیفکیٹ دے کر ان کی عزت افزائی کی۔
پروفیسر اسفر علی خاں نے اس موقع پر کہا کہ اے ایم یو کی طالبات کو پڑھائی کے ساتھ ساتھ اے ایم یو انتظامیہ سبھی سہولیات اور مواقع یکساں طور پر فراہم کر رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ تمغے جیتنے میں طالبات ، طلبہ سے پیچھے نہیں ہیں۔
سینئر سیکشن میں ہاکی ٹیم کی کپتان کسا، رنر اپ ٹیم کی کپتان ادیبہ، فٹبال کی فاتح ٹیم کی کپتان گوری، رنر اپ ٹیم کی کپتان یاسین، کھوکھو میں فتح حاصل کرنے والی عمرہ اور رنر اپ زویا کو انھوں نے ٹرافی پیش کی۔
اسی طرح پرائمری سیکشن میں ہینڈ بال کی فاتح ٹیم کی کپتان نادیہ انور، اینجل بگھیل، رنر اپ ہمانشی سینگر، اشیکا پروین، کھوکھو فاتح ٹیم کی کپتان ام ہانی، گلفشاں اور رنر اپ ٹیم کی کپتان انوشکا اور الفیہ کو ٹرافی دی گئی۔ ریلے ٹیم کی فاتح سہانا، ثوبیہ، ادیبہ اور وجیہہ ، اور رنر اپ کومل رہیں ۔ ایتھلیٹکس 80 میٹر ریس میں نادیہ انور، عائشہ اور آرچی یادو بالترتیب پہلے ، دوسرے اور تیسرے مقام پر رہے۔
ایتھلیٹکس 60 میٹر ریس میں ہانی زہرہ پہلے مقام پر ، لائبہ دوسرے مقام پر اور شیتل کماری تیسرے مقام پر رہیں۔ ایتھلیٹکس 50 میٹر ریس میں لاونیا راگھو، منشا عارف اور چارو کماری بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے مقام پر رہے۔
فروگ ریس میں پریانکا اوّل، فاطمہ خان دوم اور آرادھیا کماری نے سوم مقام حاصل کیا۔ فاسٹ فروگ ریس میں عالیہ خان نے اول، تنشکا سنگھ نے دوم اور درگیش نے سوم مقام حاصل کیا ۔
اسکول کی پرنسپل ڈاکٹر ثمینہ نے مہمانوں کو یادگاری نشان پیش کیا۔ وائس پرنسپل ڈاکٹر صبا حسن نے سبھی کا شکریہ ادا کیا۔ تقسیم انعامات تقریب کی نظامت کوآرڈینیٹر فرحت نے کی۔
اس موقع پر اسپورٹس ٹیچر عمران خان، شمشاد نثار، شاہین، ناہید، نندنی، شہیرہ سمیت تمام اساتذہ اور عملہ کے اراکین موجود تھے۔
٭٭٭٭٭٭
انسانی حقوق کے عالمی اعلانیہ پر سمپوزیم کا انعقاد
علی گڑھ، 11 دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ سیاسیات نے ’’انسانی حقوق کے عالمی اعلانیہ کے 75برس‘‘ موضوع پر ایک سمپوزیم کا انعقاد کیا۔
شعبہ سیاسیات کے چیئرمین پروفیسر اقبال الرحمن نے سمپوزیم کا افتتاح کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی فروغ میں انسانی حقوق کے عالمی اعلانیہ (یوڈی ایچ آر) کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا عالمی دن منانا معاشرے میں حقوق اور فرائض دونوں کی یاد دہانی کا کام کرتا ہے۔
اسسٹنٹ پروفیسر جناب پرویز عالم نے یو ڈی ایچ آر کے فریم ورک کے اندر انسانی حقوق سے وابستہ کامیابیوں اور چیلنجوں کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے عالمگیریت اور ثقافتی اضافیت کے درمیان توازن قائم کرنے کے چیلنج کو اجاگر کیا۔
مہمان اعزازی پروفیسر عائشہ منیرہ نے روزمرہ کی زندگی میں انسانی حقوق کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مابعد صداقت کے دور میں درپیش چیلنجوں پر روشنی ڈالی۔
پروفیسر محب الحق نے یومیہ بنیادوں پر انسانی حقوق کی وکالت پر زور دیا، جب کہ پروفیسر محمد آفتاب عالم نے بین الاقوامی قانون کی کمزوریوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انسانی حقوق کے نفاذ میں حکومتوں کے کردار کو اہم قرار دیا۔
ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر افتخار انصاری نے پروگرام کی نظامت کی اور شکریہ کے کلمات بھی ادا کئے۔
پولیٹیکل سائنس کے ریسرچ اسکالر علی کیف نے ریاستوں کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان
علی گڑھ ،11 دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور اس کے زیر انتظام اداروں بشمول ملاپورم، مرشد آباد اور کشن گنج مراکز میں ( میڈیسن اور یونانی میڈیسن کی فیکلٹی کو چھوڑ کر) یکم جنوری 2024 سے 10 جنوری 2024 تک موسم سرما کی تعطیلات رہیں گی۔
فیکلٹی آف میڈیسن اور یونانی میڈیسن کے تدریسی عملے کی چھٹیاں یکم جنوری 2024 سے 10 جنوری 2024 اور 11 جنوری 2024 سے 20 جنوری 2024 تک 10 دن کے دو الگ الگ وقفوں میں منائی جائیں گی۔
ایم بی بی ایس فرسٹ پروف- بیچ 2023 کے طلباء کی تعطیلات اور بی ڈی ایس سال اول ،بیچ 2023 اور سال دوم بیچ 2022 کے طلباء کی تعطیلات یکم جنوری 2024 سے 10 جنوری 2024 تک رہیں گی۔
بی ڈی ایس سال سوم، بیچ 2021 کے طلباء کی تعطیلات 3 جنوری 2024 سے 10 جنوری 2024 تک ہوں گی ، جب کہ بی ڈی ایس سال آخر بیچ 2020 کے طلباء کی تعطیلات 11 سے 20 جنوری 2024 تک رہیں گی۔
فیکلٹی آف یونانی میڈیسن میں پری طب اور بی یو ایم ایس کے سبھی طلباء کے لیے موسم سرما کی تعطیلات یکم جنوری 2024 سے 10 جنوری 2024 تک رہیں گی۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے طالب علم نے یوپی ایس سی کے امتحان میں کامیابی حاصل کی
علی گڑھ، 11 دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ارضیات کے رضی اللہ خاں کو یونین پبلک سروس کمیشن (یوپی ایس سی) کے مقابلہ جاتی امتحان کے توسط سے انڈین بیورو آف مائنز، وزارت معدنیات، حکومت ہند میں اسسٹنٹ منرل اکانومسٹ (انٹیلی جنس)کے عہدے کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔
صدر شعبہ پروفیسر کنور فراہیم خاں نے اس کامیابی پر رضی اللہ خان کو مبارکباد پیش کی۔
٭٭٭٭٭٭
بچوں میں غذائیت کی کمی پر اورینٹیشن پروگرام 16 دسمبر کو
علی گڑھ، 11 دسمبر: ڈسٹرکٹ ارلی انٹروینشن سنٹر و سنٹر آف ایکسیلنس ، جے این ایم سی، اے ایم یو، قومی اطفال تحفظ پروگرام کے تحت قومی صحت مشن کے میڈیکل افسران کے لیے ’بچوں میں غذائیت کی کمی‘ موضوع پر 16 دسمبر کو یک روزہ اورینٹیشن پروگرام منعقد کرے گا۔
نوڈل آفیسر ڈاکٹر عظمیٰ فردوس نے بتایا کہ یہ پروگرام سنٹر میں صبح 9 بجے شروع ہوگا۔
٭٭٭٭٭٭
شیور پروگرام کے تحت مائیکرو فنانس پر لیکچر
علی گڑھ، 11 دسمبر: شعبہ کامرس ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں شیور پروگرام کے تحت اسمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹ بینک آف انڈیا (سڈبی، آگرہ) کے منیجر انچارج مسٹر آکاش سونی نے انتریپرینیوریل ڈیولپمنٹ میں مائیکروفنانس اور سڈبی کا کردار موضوع پر خطبہ دیا۔
مسٹر سونی نے چھوٹے اور متوسط درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ای) کو تعاون و رہنمائی پیش کرنے میں سڈبی کے کردار پر روشنی ڈالی اور ایم ایس ایم ای کلسٹر ڈیولپمنٹ اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ادارے ایسے اقدامات سے کس طرح فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ادیمی متر یوجنا پورٹل لوگوں کو قرضوں اور مختلف اسکیموں کے سلسلے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے تین سطحی قرض کی اسکیموں – شیشو، کشور اور ترون کا ذکر کیا۔ مسٹر سونی نے سود کی شرح اور سڈبی کے توسط سے حکومت کی اسکیموں سے متعلق شرکاء کے سوالوں کے جواب دئے۔
اپنے صدارتی کلمات میں، اے ایم یو کے فنانس آفیسر پروفیسر محمد محسن خان نے کہا کہ کاروباری ترقی کے لیے مائیکرو فنانس کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور سڈبی ابھرتے ہوئے کاروباری افراد کی ترقی اور ملک میں کاروباری ماحول تیار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اس موقع پر فیکلٹی آف کامرس کے ڈین پروفیسر ناصر ضمیر قریشی نے بھی خطاب کیا۔
قبل ازیں، شیور پروگرام کی کنوینر اور ڈائریکٹر پروفیسر آسیہ چودھری نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
ریسرچ اسکالر طحہ خان نے پروگرام کی نظامت کی۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو میں’ وکست بھارت پروگرام‘ کی لائیوا سٹریمنگ
علی گڑھ، 11 دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں اساتذہ ، طلباء اور عملہ کے اراکین نے لائیو اسٹریمنگ کے ذریعہ ’’وِکست بھارت @ 2047 : وائس آف یوتھ‘ ‘کے عنوان سے منعقدہ پروگرام میں وزیر اعظم نریندر مودی کے خطاب کوبغور سنا ، جس میں انھوں نے ہندوستان کی متوقع ترقی کے اہم نکات پر زور دیا اور قوم کی تشکیل میں نوجوانوں کے کردار کو اجاگر کیا۔
اے ایم یو انتظامیہ نے رجسٹرار دفتر اور یونیورسٹی کے اسکولوں کے کانفرنس ہال میں لائیو اسٹریمنگ کے لیے مناسب تیاریاں کی تھیں جہاں طلبہ و طالبات جوش و خروش کے ساتھ شامل ہوئے۔
اس پروگرام کے توسط سے ہندوستان کی آزادی کے 100 ویں سال 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک میں تبدیل کرنا مقصود ہے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے پروفیسر کو این سی سی آئی نے میرٹ ایوارڈ سے نوازا
علی گڑھ، 11 دسمبر: فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اپلائیڈ کیمسٹری کے پروفیسر محمد مبین کو ان کی تحقیقی خدمات کے اعتراف میں نیشنل کوروزن کونسل آف انڈیا (این سی سی آئی) نے باوقار ’میریٹیوریئس ایوارڈ‘ سے نوازا ہے۔ یہ ایوارڈ انھیں 7 سے 9 دسمبر 2023 تک کوئمبٹور میں کوروزن سائنس پر منعقدہ 20 ویں قومی کانفرنس کے دوران کوروزن سائنس اور انجینئرنگ کے میدان میں ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے پیش کیا گیا۔
پروفیسر مبین نے اس مؤقر کانفرنس میں کلیدی تقریر بھی کی جو ہر دو سال بعد منعقد ہونے والی ہندوستان کی سب سے بڑی کوروزن سائنس و ٹکنالوجی کانفرنس ہے۔
اس سے قبل پروفیسر مبین نے 16 سے 18 نومبر 2023 تک چین کے شہر گوانگزو میں منعقدہ 19 ویں ایشین پیسیفک کوروزن کنٹرول کانفرنس (اے پی سی سی سی) میں بھی شرکت کی اور وہاں خطاب کیا۔
میٹریئلز اور کورروزن کے شعبے میں بین الاقوامی شہرت یافتہ محقق پروفیسر مبین نے 17 پی ایچ ڈی، 2 ایم فل اور 12 ایم ایس سی طلباء کی رہنمائی کی ہے، 182 تحقیقی مقالے لکھے اور کتابوں میں 38 ابواب لکھے ہیں جنھیں نامور پبلیشرز نے شائع کیا ہے۔
پروفیسر مبین نے 39 تحقیقی پروجیکٹ بھی مکمل کیے ہیں، جس میں دو پروجیکٹ بین الاقوامی اشتراک سے تکمیل کو پہنچے اور ایک ریسرچ پروجیکٹ زیر تکمیل ہے۔ انھیں اس سے قبل بھی کئی معتبر ایوارڈوں سے نوازا جاچکا ہے ۔
٭٭٭٭٭٭
Comments are closed.