تعلیمی بیداری اور تحفظ انسانیت کے پیغام کو لے کر ملی کونسل بہار کا وفد سوپول پہونچا

وفد کا سر جا پور میں والہانہ استقبال، علماء کرام کے ہاتھوں مدرسہ تعلیم الاسلام کی تیسری منزل کا سنگ بنیاد
پٹنہ(پریس ریلیز)آل انڈیا ملی کونسل بہار کے علماء کرا م کا ایک موقر وفد آج مورخہ 13دسمبر 2023کو حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب قومی نائب صدر آل انڈیا ملی کونسل کی قیادت میں سرجا پور پہونچا، جہاں علاقہ کے عوام وخواص اور مدرسہ تعلیم الاسلام کے اساتذ ہ و طلبہ کے علاقہ کی سر کردہ شخصیات جناب مکھیا شفیع اللہ صاحب،جناب شاہد وصی صاحب، جناب مولانا اسجد صاحب امام و خطیب جامع مسجد سر جا پور ودیگر حضرات نے علماء کرام کے اس قافلہ کا والہانہ استقبال کیا اور خوش آمدید کہا۔
واضح ہو کہ آل انڈیا ملی کونسل بہار کا یہ وفد ضلع سوپول اور مدھے پورہ کے تعلیمی، اصلاحی اور دعوتی دورہ پرپہونچا ہے، اس وفد میں قائد وفد کے علاوہ مولانا محمد ابو الکلام شمسی جوائنٹ جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل بہار، مولانا مفتی محمد نافع عارفی کارگزار جنرل سکریٹری، مولانا سید محمد عادل فریدی سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل، مولانا مفتی جمال الدین قاسمی رفیق آل انڈیا ملی کونسل، مولانا نور عالم رحمانی رئیس المبلغین آ ل انڈیا ملی کونسل کے علاوہ مقامی علماء و دانشوران اور خواص کی بڑی تعداد شامل ہے۔ جبکہ مولانا محمد عالم صاحب قاسمی جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل بھی دورہ کے درمیان اس وفد میں شریک ہوں گے۔ خبر لکھے جانے تک وفد کا پہلا اجلاس آج بعد نما ز مغرب جامع مسجد سرجا پور میں جاری ہے۔
اس سے قبل علماء کرام کے اس وفد نے اس علاقہ کی معروف و مشہور شخصیت جناب معتصم باللہ صاحب مرحوم، مولانا صبغۃ اللہ رحمانی مرحوم اور ان کے جواں سال صاحبزادہ حافظ فضل رحماں رحمانی مرحوم کی قبر کی زیارت کی اور ایصال ثواب کیا۔ نیز حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب اور دیگر علماء کرام کے ہاتھوں علاقہ کے معروف دینی و تعلیمی ادارہ مدرسہ تعلیم الاسلام کی تیسری منزل کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔
اس دورہ وفد کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب نے کہا کہ ملی کونسل کا یہ وفد تعلیمی بیداری اور تحفظ انسانیت کے پیغام کو لے کر حاضر ہو ا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل انڈیا ملی کونسل نے مشن تعلیم2050کے نام سے اپنی تعلیمی مہم شروع کی ہے،ہمارا ہدف ہے کہ 2050تک ہمارا معاشرہ سو فیصد تعلیم یافتہ ہو جائے۔اس کے لیے ملکی سطح پر بیداری پیدا کرنے اور لوگوں کو ترغیب دلانے کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملی کونسل کے تعلیمی مشن کے دو پہلو ہیں، ایک پہلو یہ ہے کہ معاشرہ کا ہر فرد خو د تعلیم یافتہ ہو اور اپنے بچے اور بچیوں کو اعلیٰ تعلیم دلائے، دوسترا پہلو یہ ہے کہ معاشرہ کے اہل ثروت حضرات تعلیمی ادارے قائم کریں تاکہ ہمارے بچے اور بچیاں اخلاقی تربیت اور اپنی تہذیب و ثقافت کی بقا اور ایمان و عقیدہ کی سلامتی کے ساتھ اعلیٰ اور معیاری تعلیم حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ملی کونسل کے مشن تحفظ انسانیت کا پیغام یہ ہے کہ پورے ملک میں امن و امان، آپسی بھائی چارہ، ہم آہنگی و رواداری کی فضا قائم ہو، کسی بھی انسان کو ظلم، تشدد، تعصب او ر نا انصافی کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس طرح کی فضا اور ماحول پورے ملک میں قائم ہو، ملی کونسل اس کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملی کونسل کے ان دونوں مشنوں اور اہداف کی بنیاد جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیم ہے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کا بہت ہی اہم پہلو تعلیم اور انسانیت کے تحفظ پر مشتمل تھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خود زبان مبارک سے اس کا اظہار کیا اور فرمایا کہ مجھے معلم بنا کر بھیجا گیا ہے، ایک جگہ ارشاد فرمایا کہ میں اچھے اخلاق کی تکمیل کے لیے بھیجا گیا ہوں۔ یہ علم اور اخلاق ایسی صفات ہیں کہ ان کی بنیاد پر انسان پوری دنیا کو تسخیر کرسکتا ہے اور لوگوں کے دلوں پر حکومت کر سکتا ہے۔ اگر ان دوبنیادوں کو ہم مضبوط کر لیں تو ہمارا معاشرہ ایک مثالی، پر امن اور مستحکم معاشرہ بن سکتا ہے۔اور ایسے ہی معاشرہ کی تشکیل ملی کونسل کا مقصد ہے، اسی کے لیے وہ پورے ملک میں کوشاں ہے اور اسی پیغام کو لے کر ملی کونسل کے اس وفد کی ضلع سوپول اور مدھے پورہ میں حاضری ہوئی ہے۔ ان شاء اللہ یہ وفد 20دسمبر تک ان دو اضلاع میں قیام پذیر رہے گا اور درجنوں اصلاحی و دعوتی اجلاس میں شرکت کرکے اس پیغام کو لوگوں تک پہونچائے گا۔انہوں نے علاقہ کے عوام و خواص سے اپیل کی کہ وہ وفد کے پروگراموں میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں اور یہاں سے جو پیغام دیا جائے اس کو زمین پر اتارنے کی کوشش کریں، ساتھ اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ہماری اس آمد کو قبول کر لے اور اس کو پورے معاشرہ کے لیے نفع اور خیر کا ذریعہ بنائے۔

Comments are closed.