دیوبند:انتظامیہ نے شہرسے تجاوزات ہٹاؤ مہم شروع کی

ناجائز قبضہ کرنے والوں کو ایس ڈی ایم نے دیا انتباہ،جرمانہ بھی وصول کیا
دیوبند،13؍ دسمبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
دیوبند میں تجاوزات کے خلاف مقامی انتظامیہ نے مہم شروع کر دی ہے۔ بدھ کے روز ایس ڈی ایم انکور ورما کی قیادت میں میونسپل بورڈ کی ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں سے تجاوزات کو ہٹواتے ہوئے جرمانہ وصول کیا اور ناجائز طریقہ سے قبضہ کرنے والوں اور تجاوزات کرنے والوں کو سخت وارننگ دی۔ تفصیل کے مطابق ایس ڈی ایم انکور کمار ورما اور میونسپل بورڈ کے چیئر مین وپن گرگ کی قیادت میں میونسپل بورڈ کی ٹیم نے ایگزیکیٹیو آفیسر ڈاکٹر دھریندر رائے اور پولیس فورس کے ساتھ بھائیلہ روڑ، ایم بی ڈی چوک، اناج منڈی اور تحصیل روڑ وغیرہ مقامات سے تجاوزات کو ہٹوایا۔ انتظامیہ کی کاروائی کے سبب تمام ناجائز قبضہ کرنے والوں اور تجاوزات کرنے والوں میں افرا تفری کا عالم پید ا ہو گیا۔ ایس ڈی ایم نے بتایا کہ وارننگ کے باوجود تجاوزات نہ ہٹانے والے دکانداروں سے 3ہزار روپے بطور جرمانہ وصول کئے گئے ہیں۔ مہم کے تحت مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد ایس ڈی ایم انکور ورما نے آج بھی تجاوزات کرنے والوں کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر دوبارہ سڑکوں پر اپنے سامان پھیلائے تو جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ قانونی کاروائی بھی کی جائے گی۔ اس مہم کے دوران میونسپل بورڈ میں روشنی بجلی محکمہ کے انچارج وکاس چودھری، صفائی انچارج پوپن کمار، محمد تابش، محمد اکبر اور سندر لال وغیرہ موجود رہے۔
Comments are closed.