بیٹیوں کی تعلیم اور تربیت وقت کا اہم تقاضہ ہے

نواب عظمت علی خان گرلز انٹر کالج کی ا نگلش میڈیم برانچ کی سالانہ تقریب میں ڈاکٹر نواز دیوبندی کا خطاب
دیوبند،29؍ دسمبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
مظفرنگر میں واقع لڑکیوں کی تعلیم کے مشہورو معروف ادارہ نواب عظمت علی خان گرلز انٹر کالج کی ا نگلش میڈیم برانچ کی سالانہ تقریب کالج کے کیمپس میں جوش و خروش کے ساتھ منعقد کی گئی۔ تقریب کا باضابطہ افتتاح کارگزار ڈسٹرکٹ انسپکٹر آف اسکول شیلیندر کمار تیاگی نے ہوا میں غبارے چھوڑ کر کیا۔شیلندر کمار تیاگی نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میری بیٹیوں تم سماج کا قیمتی سرمایہ ہو، تمہیںپڑھ لکھ کر آگے ہی نہیں بڑھنا ہے بلکہ سماج کو ایک نئی سمت سفر دکھانی ہے، اسلئے تمہاری ذمہ داری ہے کہ محنت لگن اور ایمانداری کے ساتھ تعلیم حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے پروگرام میں طالبات کی صلاحیت اور ہنر کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، میں انگلش میڈیم ونگ کے تمام اسٹاف اور طالبات کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ کالج کے صدر امیر عالم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ گھریلو اور سماجی ترقی کے لیے اپنی بیٹیوں کو پڑھانا اور اونچائیوں کو پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، بیٹیاں ہماری آبرو اور ہمارا وقار ہیں۔ پروگرام کی مہمان خصوصی ضلع اقلیتی فلاح و بہبود آفسر میتری رستوگی نے طالبات کے شاندار پروگراموں کی تعریف کی اور کہا کہ لڑکیوں کو صوبہ اور ملک کی ترقی کے لیے آگے بڑھ کر کام کرنا چاہئے ۔ تقریب کی صدارت کر رہیں فوزیہ عبداللہ پرنسپل نواز گرلز پبلک اسکول دیوبند نے کہا کہ ہماری بیٹیوں کا مقصدصرف پڑھنا ہی نہیں ہونا چاہئے بلکہ پڑھ کر اوروں کو بھی پڑھائیں، انہوں نے کہا کہ انگلش میڈیم ونگ کی طالبات نے اپنے پروگرام سے ایک پیغام ہی نہیں دیا بلکہ ایک نئی راہ بھی دکھائی ہے۔ پروگرام میں چائلڈ لیبر، ماں اور بیٹی کا رشتہ، سائبر سیفٹی، بیٹیوں کی سماجک ذمہ داری، درختوں کی حفاظت، بیٹا اوربیٹی میں فرق، غزلیں اور قوالی جیسے پروگرام پیش کر کے خوب داد حاصل کی،پروگرام کی اسٹار گیسٹ مشہور شاعرہ خوشبو شرما نے اپنی غزلوں اور کویتاوں سے طالبات کو محظوظ کیا۔پرنسپل صفیہ رئیس نے بھی طالبات کو قیمتی نصیحتوں سے نوازا۔انگلش میڈیم ونگ کی برانچ ہیڈ فرح بتول نے تمام شرکاء کا شکریہ اداکیا۔ اس موقع پر نواب عظمت علی خان گرلز انٹر کالج اور عظمت کلاسز کی سابق طالبات کو عظمت ایوارڈ دیکر اعزاز سے نوازا گیا، جس میں جج بننے والی عائشہ پروین، ایم بی بی ایس کرنے والی ڈاکٹر اسماء پروین اور بی ڈی ایس کرنے والی علینا ناز کے نام شامل ہیں۔ پروگرام کے آخر میں کالج منیجر ڈاکٹر نواز دیوبندی نے تمام مہمانوں، موجود والدین اسٹاف اور طالبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دلی مبارکباد پیش کی انہوں نے کہاکہ صرف بیٹوں کو ہی نہیں بیٹیوں کو بھی خوب پڑھانا چاہئے، بیٹیوں کی تعلیم اور تربیت وقت کا سب سے اہم تقاضہ ہے، انہوں نے کہا کہ ہم تعلیمی سفر میںایک نئی مثال قائم کرنا چاہتے ہیں اسلئے ہم نے ہندی میڈیم ونگ کے ساتھ ساتھ انگلش میڈیم ونگ بھی سماج کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے شروع کیا ہے، نیٹ اور آئی آئی ٹی کی کوچنگ کے لیے بھی ہم نے عظمت کلاسز شروع کی، علینا ناز اوردوسری کامیاب طالبات ہماری پہلی کوشش کا پہلا نتیجہ ہیں، اس موقع پر عظمت ڈگری کالج کی پرنسپل ڈاکٹر انیتا اگروال، عظمت کلاسز کے ہیڈ یاسر اسلام، عظمت کالج کے عرفان احمد، محمد مہربان، عازب خان،الماس خان اور محمد عظیم وغیرہ سمیت جملہ اسٹاف اورطالبات موجودرہیں۔
Comments are closed.