شہریت ترمیمی قانون کاجن پھربوتل سے باہر،لوک سبھاانتخابات 2024سے قبل اصول ہوں گے طے

نئی دہلی(ایجنسی)شہریت ترمیمی قانون یعنی سی اے اے سے متعلق ایک اہم جانکاری سامنے آ رہی ہے۔ وزارت داخلہ کے ایک افسر نے شہریت (ترمیمی) ایکٹ 2019 کے اصولوں کا نوٹیفکیشن جاری کیے جانے سے متعلق ایک اہم بیان دیا ہے۔ وزارت داخلہ کے سینئر افسر نے منگل کے روز بتایا کہ لوک سبھا انتخاب کے اعلان سے ’کافی پہلے‘ اصول نوٹیفائیڈ کر دیے جائیں گے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت جلد ہی سی اے اے کے لیے دستور العمل (مینوئل) جاری کرے گی۔
اس سلسلے میں ہندی نیوز پورٹل ’امر اجالا‘ پر ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے۔ اس میں وزارت داخلہ کے سینئر افسر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایک بار اصول جاری ہونے کے بعد قانون نافذ کیے جانے کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔ شہریت ترمیمی قانون نافذ ہونے کے بعد اصولوں کے تحت اہل لوگوں کو ہندوستانی شہریت بھی دی جا سکے گی۔ انھوں نے کہا کہ چار سال سے زیادہ کی تاخیر کے بعد سی اے اے کے نفاذ کے لیے اصول ضروری ہیں۔ کیا اس قانون کے اصول اپریل-مئی ماہ میں ہونے والے لوک سبھا انتخاب کے اعلان سے پہلے نوٹیفائی ہو جائیں گے؟ اس سوال پر سینئر افسر نے کہا کہ ’’ہاں، انتخاب کے اعلان سے کافی پہلے اصول جاری کر دیے جائیں گے۔‘‘
غور کرنے والی بات یہ ہے کہ پارلیمانی دستور العمل کے مطابق کسی بھی قانون کے اصول صدر جمہوریہ کی منظوری کے چھ ماہ کے اندر تیار ہو جانے چاہئیں۔ ایسا نہ ہونے پر لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں ماتحت آئینی کمیٹیوں سے مزید وقت مانگنے کی بھی سہولت ہے۔ اصول بنانے کے لیے 2020 کے بعد وزارت داخلہ مستقل وقفہ پر کئی پارلیمانی کمیٹیوں سے ایکسٹینشن لیتا رہا ہے۔
پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے بل پاس ہونے کے بعد دسمبر 2019 میں شہریت ترمیمی قانون کو صدر جمہوریہ کی منظوری ملی تھی۔ اس قانون کے خلاف ملک کے کچھ حصوں میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔ مظاہرہ اور پولیس کارروائی کے دوران 100 سے زائد لوگوں کی موت بھی ہو گئی تھی۔

Comments are closed.