امریکہ: جہاز کے انجن میں پھنس کر 30 سالہ شخص ہلاک، تحقیقات جاری

بصیرت نیوزڈیسک
امریکی حکام نے بتایا ہے کہ سالٹ لیک سٹی میں ایک 30 سالہ شخص جہاز کے انجن کے اندر مردہ حالت میں پایا گیا۔
امریکی چینل این بی سی نیوز کے مطابق ڈیلٹا ایئرلائن کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ پیر کو سالٹ لیک انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کمرشل طیارے میں 95 مسافر تھے جب پولیس اور ملازمین نے انجن میں پھنسے ایک شخص کی نشاندہی کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے اس شخص کو انجن کے اندر بے ہوش پایا تاہم وہ موقع پر دم توڑ گیا تھا۔
سالٹ لیک سٹی پولیس نے اس شخص کی شناخت کائلر انفنگر کے نام سے کی جو پارک سٹی یوٹاہ کا رہائشی ہے۔ کائلر انفنگر کے پاس ٹکٹ اور بورڈنگ پاس بھی تھا۔
پولیس نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا طیارے کا انجن پوری طرح سے چل رہا تھا یا نہیں۔
ڈیلٹا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پرواز 2348 سالٹ لیک سٹی سے سانس فرانسسکو کے لیے منسوخ ہوئی تھی جس کے بعد تمام مسافروں کو بحفظات طیارے سے اتارا گیا تھا۔
پرواز کی منسوخی کے بعد دوسرے طیارے پر مسافروں کی بکنگ کروائی گئی۔
ڈیلٹا کے ترجمان نے مزید کہا کہ ’صارفین اور لوگوں کی حفاظت سے زیادہ کوئی چیز اہم نہیں۔ ڈیلٹا تمام ایوی ایشن کے حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے۔‘
جون 2023 میں ریاست ٹیکساس میں ایک ناخوشگوار واقعے میں ایئرپورٹ پر کام کرنے والا ملازم جہاز کے انجن میں پھنس کر ہلاک ہو گیا تھا۔
امریکی حکام نے کہا تھا کہ ریاست ٹیکساس میں ایئرپورٹ پر کام کرنے والے ایک ملازم کو جہاز کے انجن نے اپنی طرف کھینچ لیا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی تھی۔
اسی طرح مقامی ایئرلائن پِیڈمونٹ ایئرلائنز کو سنہ 2022 میں ایسے ہی حادثے میں ملازم کے ہلاک ہونے پر اوکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ ایڈمنسٹریشن (اوشا) کی جانب سے 15 ہزار ڈالر کا جرمانہ کیا گیا۔
اوشا کا کہنا تھا کہ ’باقاعدہ ٹریننگ اور حفاظتی اقدامات کی یقین دہانی ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکتی ہے۔‘

 

Comments are closed.