7جنوری کو مدورائی میں ایس ڈی پی آئی کا عظیم الشان ’’تحفظ سیکولرازم ‘‘کانفرنس کا انعقاد

مدورائی(پریس ریلیز)سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) تمل ناڈو کے ریاستی نیلائی مبارک نے مدورائی میں پریس سے ملاقات کی۔ پریس کانفرنس میں پارٹی کے ریاستی نائب صدر عبدالحمید، ریاستی جنرل سکریٹریز احمد نووی، اے ایس عمر فاروق، نظام محی الدین، نصر الدین، ریاستی خزانچی امیر حمزہ، ریاستی سکریٹری ابوبکر صدیق، ریاستی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن مجیب الرحمن اور مدورائی نارتھ اور ساؤتھ ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر نیلائی مبارک نے کہا کہ ہمارے ملک ہندوستان میں سیکولرازم پر حملے اب بڑھ رہے ہیں۔ سیکولرازم مختلف طریقوں سے داؤ پر لگا ہوا ہے۔ سیکولرازم پر بالواسطہ حملے اب ریاستی حمایت سے براہ راست اور کھلے عام ہورہے ہیں۔ ہندوستانی جمہوریہ کے سیکولر اور جمہوری کردار کو کمزور کرنے، حملہ کرنے، کم کرنے اور بالآخر ختم کرنے کے فاشسٹ ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ جہاں ایک طرف سیکولرازم کے خلاف کارروائیاں ہو رہی ہیں وہیں دوسری طرف مذہب پرستی حکومت کی سرکاری پالیسی بن رہی ہے۔ لوگوں میں تفرقہ بازی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں ہر طرف مذہبی منافرت پھیلی ہوئی ہے۔ ان سب کے حل کے طور پر ہمارا فرض ہے کہ ہم آئین اور اس کے عظیم اصولوں کو برقرار رکھیں۔اس لیے ملک کے آئین کے وقار کے تحفظ اور ملک کی جمہوریت اور سیکولرازم کی امنگوں کو برقرار رکھنے کے لیے ‘سیکولرازم غالب رہے ‘ کے نعرے کے تحت ایس ڈی پی آئی کی جانب سے 7جنوری 2024کو مدورائی میں ’تحفظ سیکولرازم‘ کے عنوان سے عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ کانفرنس میں تمام سیکولر جمہوری قوتیں شرکت کریں گی تاکہ ملک کے آئین میں دی گئی سیکولرازم کی حفاظت کی جا سکے۔اس کانفرنس میں ایس ڈ ی پی آئی کے قومی صدر ایم کے فیضی، تمل ناڈو اپوزیشن پارٹی لیڈرو سابق وزیر اعلیٰ اور اے آئی اے ڈی ایم کے جنرل سکریٹری ای کے پلنی سوامی شرکت کرکے خصوصی خطاب کریں گے۔ اسی طرح تواتروترو وڈیکوڈیل اڈیگلار،آرچ بشپ ایون ایمبروز،اسلامک ریسرچ سینٹر کے بانی مولوی شاہ الحمید جمالی، ایروڈ نورالاسلام مسجد کے چیف امام مولوی محمد طیب داؤدی، ایس ڈی پی آئی کیرلا ریاستی صدر میواٹو پوژا اشرف باقوی، کرناٹک کے ریاستی صدر عبدالمجید اور مختلف تنظیموں کے قائدین شرکت کریں گے اور کلیدی تقریر کریں گے۔ ایس ڈی پی آئی تمل ناڈو کے عوام و خاص کو دعوت دیتی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں اس کانفرنس میں شرکت کریں تاکہ ہمارے ملک کے سیکولرازم کی حفاظت کی جاسکے۔
Comments are closed.