اپنے بچوں کو قرآنی تعلیمات لازمی طورپر دلائیں

جامعہ معہد القرآن الکریم نعمت پور میں منعقد دعائیہ تقریب میں مولانا محمد اشرف قاسمی کا خطاب
دیوبند:6؍ جنوری(سمیر چودھری؍بی این ایس)
ضلع سہارنپور کے موضع نعمت پور میں واقع دینی ادارہ جامعہ معہد القرآن الکریم میں ادارہ کے روح رواں قاری محمد نوشاد کے صاحبزادے حافظ محمد آصف کے تکمیل حفظ قرآن کریم کے موقع پر ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیاگیا،جس میں بطور مہمان خصوصی معروف عالم دین اور جامعہ اشرف المدارس چھجپورہ کے بانی و ناظم مولانا محمد اشرف قاسمی نے شرکت کی اور بچے کو اپنی قیمتی دعاؤں و دستار فضیلت سے نوازا۔اس موقع پر مولانا محمد اشرف قاسمی نے قرآن کریم کی عظمت و فضیلت پر روشنی ڈالی اور حاضرین مجلس کو اپنے بچوں کو قرآنی تعلیمات دلانے کی تلقین کی۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے تمام مسائل اور پریشانیوں کا حل قرآن حکیم کے اندر موجود ہے،ہمیں نہ صرف قرآن کریم کی تلاوت کرنی چاہئے بلکہ اس کے مطابق زندگی گزارنی چاہئے اور اپنے بچوںکو حفظ قرآن کریم کرانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ خوش نصیب ہوتے ہیں وہ والدین جن کے بچوںکو اللہ تعالیٰ قرآن کریم جیسی عظیم الشان دولت سے سرفراز فرماتے ہیں،قرآن کریم کی سعادت حاصل کرنے والے لوگ دونوں جہاں میں سرخرو ہوتے ہیں۔انہوںنے حافظ قرآن کی عظمت بیان کرتے ہوئے حافظ قرآن کے والدین سے کئے گئے اللہ تعالیٰ کے وعدوں پر روشنی ڈ الی۔ مولانا نے مزیدکہاکہ اپنی زندگیوں کو قرآن کریم اور سنت نبویؐ کے مطابق گزاریں اسی میں دونوں جہاں کی کامیابی کا راز مضمر ہیں۔انہوں نے حافظ محمد آصف ان کے والد قاری نوشاد اور استاذ قاری محمد آصف اشرفی کو مبارکباد پیش کی اور دعاؤں سے نوازا۔ آخر میں قاری محمد نوشاد بھی قرآن کریم کے حوالہ سے مختصر خطاب کیا اور مہمانوں و علماء کرام کا شکریہ اداکیا۔ماسٹر محمد قاسم محی الدین پور اور قاری محمد آصف اشرفی نے بچے اور اس کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔ اس دوران جملہ اساتذہ اور طلبہ کے علاوہ بستی کے لوگ موجودرہے۔
Comments are closed.