دارالعلوم دیوبند پر سرکاری زمین پر تعمیرات کا الزام

ایس ڈی ایم نے تعمیرات پر لگائی روک،دارالعلوم کو وضاحت پیش کرنے کے لئے بلایا
دیوبند:6؍ جنوری(سمیر چودھری؍بی این ایس)
عالمی شہرت یافتہ دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کے خلاف مسلسل نئے نئے تنازعات کھڑے کرکے ادارہ کے وقار کو مجروح کرنے کی ناکام کوششیں کی جارہی ہیں ۔اب بجرنگ دل کے ریاستی کوآرڈی نیٹر وکاس تیاگی نے ڈی ایم ڈاکٹر دنیش چندر کو مکتوب بھیج کر دارالعلوم دیوبند پر سرکاری زمین قبضہ میں لیکر اس پر تعمیر کرانے کا الزام عائد کیا ہے، ڈی ایم نے دیوبند کے ایس ڈی ایم کو جانچ کا حکم دیا ہے،جس کے بعد ایس ڈی ایم انکور ورما نے جانچ جاری رہنے تک تعمیرات پر پابندی لگائی ہے۔وکاس تیاگی کے ذریعہ ڈی ایم کو دیئے گئے شکایتی مکتوب میں کہاگیا کہ اسٹیٹ ہائی وے پر واقع خسرہ نمبر 3811 کی تقریباً 500 میٹر زمین سرکاری زمین ہے۔ جس پر دارالعلوم کے ذریعہ قبضہ کر کے غیر قانونی تعمیرات کرائی جارہی ہے۔ وکاس تیاگی کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایم نے ایس ڈی ایم انکور ورما کو پورے معاملہ کی جانچ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وکاس تیاگی اس سے قبل بھی دارالعلوم دیوبند کی لائبریری سمیت دیگر عمارتوں کی شکایات حکومت و افسران سے کرچکے ہیں، ان کا الزام ہے کہ دارالعلوم حکومت کی تعمیرات کے متعلق کسی اصول و ضوابط پر عمل نہیں کرتا ہے۔ انہوں نے ادارہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔وہیں ڈی ایم کی ہدایت پر ایس ڈی ایم انکور ورما موقع پر پہنچے اور دارالعلوم کو نوٹس بھیج کر وہاں جاری تعمیراتی کام رُکوا دیا ۔ ایس ڈی ایم نے بتایا کہ شکایت کی بنیاد پر جانچ کرنے تک تعمیراتی کام کو رُکوایا گیاہے اور دارلعلوم دیوبند کو 10؍جنوری کو اپنے دستایزات کے ساتھ ایس ڈی ایم کورٹ میں اپنی وضاحت دینے کے لئے بلایاگیاہے۔ادھر دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی کا کہنا ہے کہ ڈی ایم سے کی گئی شکایت اور نوٹس ملنے کا معاملہ ان کے علم میںآیاہے، اس بارے میں معلومات کی جارہی ہے ،یہ تمام الزامات بے بنیاد ہے، دارالعلوم دیوبند اپنی زمین پر ہی تعمیرات کرتاہے ،اس معاملہ میں جو بھی ضروری ہوگا وہ قدم اٹھایاجائے گا۔
Comments are closed.