المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد کی مجلس انتظامی کی سالانہ میٹنگ

عالم پلس برائے قانون وجرنلزم اور تربیت قضاء کے شعبوں کا قیام اور 2025 میں’’ بھارت کی تعمیر وترقی میں مسلمانوں کا حصہ‘‘ کے موضوع پر نیشنل سیمینار منعقد کرنے کا فیصلہ

حیدرآباد:یکم فروری 
مولانا محمد عمر عابدین قاسمی مدنی نائب ناظم المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد کے پریس نوٹ کے مطابق گزشتہ ۳۰؍ جنوری ۲۰۲۴کو معہد کی مجلس انتظامی کا سالانہ اجلاس منعقد ہوا، ادارہ کے ناظم حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے صدارت کی ، دیوبند سے مولانا محمد سفیان قاسمی مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند، لکھنو سے مولانا سید بلال حسنی ندوی ناظم ندوۃ العلماء لکھنو، چنئی سے جناب ٹی رفیق، ممبئی سے جناب حافظ اقبال چونا والا، میسور سے جناب جاوید صاحب کے علاوہ شہر حیدرآباد سے جناب اقبال احمد انجینئر، جناب ظفر مسعود، مولانا حافظ خواجہ نذیر الدین سبیلی، جناب خلیل احمد، جناب عبدالجلیل خان، جناب اخلاق الرحمن، جناب فتح محمد اور جناب محمد کلیم الدین مسعودی نے شرکت کی، اس کے علاوہ مولانا احمد عبدالمجیب قاسمی ندوی امریکہ سے، مولانا ظفر عابدین ندوی ابوظہبی سے اور جناب عرفان دادا جو عمرہ کے سفر پر ہیں، نے مکہ مکرمہ سے آن لائن شرکت کی، مفتی اشرف علی قاسمی معتمد امور انتظامی ومالیات ، مفتی شاہد علی قاسمی معتمد تعلیم نے تعلیمی امور کی، مولانا محمد اعظم ندوی معتمد ثقافتی امور نے تہذیبی وثقافتی پروگراموں کی اور مولانا محمد محبوب عالم قاسمی نے لائبریری اور تعمیرات کی رپورٹ پیش کی، مختلف ارکان نے رپورٹ پر اطمینان کے ساتھ ساتھ گہرے تاثر کا اظہار کیا، مولانا محمد سفیان قاسمی نے کہا کہ معہد ایک منفرد ادارہ ہے، میں نے دنیا کے مختلف ملکوں کا سفر کیا ، ہر جگہ اس ادارہ کا ذکر خیر سنااور یہاں کے فارغین کو خدمت انجام دیتے ہوئے پایا، مولانا سید بلال حسنی ندوی ناظم ندوۃ العلماء لکھنو نے کہا کہ جو کام بڑے بڑے ادارے انجام نہیں دے پارہے ہیں، معہد اسے انجام دے رہا ہے، اور فکری اعتدال اس ادارہ کی پہچان ہے، جناب ٹی رفیق صاحب صدر انجمن حمایت الاسلام چنئی نے معہد میں انگریزی زبان پر کی جانے والی محنت کی تحسین کی، جناب جاوید صاحب صدر دارالعلوم صدیقیہ میسور نے کہا کہ یہ بڑی اہم بات ہے کہ مدرسہ عام طور پر صرف اپنے مدرسہ کے بارے میں سوچتا ہے؛ لیکن معہد میں پوری امت کے بارے میں سوچا جاتا ہے، تقریباََ تمام ہی ارکان انتظامیہ نے بحث میں حصہ لیا، اخیر میں صدر اجلاس مولانار حمانی نے تین تجاویز پیش کیں: ایک یہ کہ 2025 میں ’’بھارت کی تعمیر وترقی میں مسلمانوں کا حصہ ‘‘کے عنوان سے معہد ایک سیمینار منعقد کرے گا، اور دستاویزی مجلہ شائع کرے گا؛ تاکہ مختلف شعبوں میں مسلمانوں کی خدمات کو نمایاں کیا جا سکے، اور سنگھ پریوار کی طرف سے جو پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے کہ مسلمانوں نے اس ملک کو صرف لوٹا ہے ، کچھ دیا نہیں ہے، کا دلیل وثبوت کے ساتھ رد ہو سکے،دوسرے: محرم الحرام 1446 سے معہد میں مستقل تربیت قضاء کا شعبہ قائم کیا جائے گا ؛ کیوں کہ ملک کے مختلف علاقوں میں قاضی کی ضرورت پیش آرہی ہے، اور ملک میں تربیت یافتہ قاضی بہت کم ہیں، تیسرے: آئندہ سال شاہین گروپ کی مدد سے عالم پلس کا شعبہ کھولا جائے ، جس میں انگریزی زبان کے ساتھ علماء کو لاء اور جرنلزم کے لئے تیار کیا جائے گا، تمام شرکاء نے ان تمام تجاویز کو سراہا اور پُر زور تائید کی، صدر اجلاس کی دعاء پر نشست اختتام کو پہنچی۔

Comments are closed.