”دستور بچاؤ، ملک بناؤ“ کے عنوان پر آل انڈیا ملی کونسل بہار کا خصوصی اجلاس 4فروری کو پھلواری شریف میں

پٹنہ(عادل فریدی؍بی این ایس)
آل اندیا ملی کونسل بہار کے جوائنٹ جنرل سکریٹری مولانا محمد ابو الکلام شمسی نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ ہندوستان کا دستور دنیا کے سب سے جامع اور مضبوط دستوروں میں سے ایک ہے، جس میں ملک کے ہر شہری کو انصاف اور مساوات، اس کے بنیادی حقوق کے تحفظ، عزت وآبرو کی حفاظت اور آزادی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، جس میں ہر شہری کو اپنے عقیدے، ایمان و عمل، اعتقادات و روایات ا ور تہذیب و ثقافت پر آزادی کے ساتھ عمل پیرا رہتے ہوئے زندگی گزارنے کی ضمانت دی گئی ہے۔

لیکن کچھ عرصے سے کچھ فرقہ پرستوں کی جانب سے ملک میں ایسے ماحو ل اور ایسی فضا بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس میں آئین اور دستور کی اس یقین دہانی پر ضرب پڑتی ہے اور دستور کی روح اور اس کی بنیاد کو ختم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، ایسے میں ہر شہری کی ذمہ داری بنتی ہے جو ملک کے اس جامع اور سیکولر دستور پر یقین رکھتا ہے کہ وہ دستور کی حفاظت کے لیے کھڑا ہو۔

مولانا نے مزید کہا کہ آل انڈیا ملی کونسل مسلمانوں کی نمائندہ دینی، فلاحی و سماجی تنظیم ہے، جس کا بنیادی مقصد ملک کے پسماندہ طبقات بالخصوص مسلمانوں کو ان کے مذہبی و ملی تشخص کے ساتھ سماجی، تعلیمی، اقتصادی اور آئینی طور پر مستحکم و بااختیار بنانا ہے۔ آل انڈیا ملی کونسل ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر پورے ملک میں ایک مہم ”دستور بچاؤ، ملک بناؤ“ کے نام سے چلا رہی ہے۔اسی مہم کے تحت کمیونٹی ہال، ہارون نگر سکٹر۔02، پھلواری شریف، پٹنہ میں مورخہ 04فروری2024 روز اتوار کو صبح 10:00بجے سے مفکر ملت حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب قومی نائب صدر آل انڈیا ملی کونسل کی صدارت میں ایک اہم نشست کا انعقاد ہو رہا ہے۔ جس میں علماء کرام، دانشوران اور اہم سماجی و سیاسی شخصیات کی شرکت ہو گی۔

مولانا نے خاص کر پٹنہ اور اس کے مضافات کے علماء، دانشوران، سماجی و سیاسی شعور رکھنے والے افراد، خاص کر کے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہاس پروگرام میں شریک ہو کر آل انڈیا ملی کونسل کی اس مہم کو تقویت بخشیں اور دستور کے تئیں اپنی فکر اور بیداری کا ثبوت پیش کریں۔

Comments are closed.