قرآن وحدیث پر عمل کیے بغیر فتنوں سے بچنا ناممکن

وائی ایم سی اے گرائونڈ میں انجمن اہل السنہ والجماعۃ کے اجلاس سے مولانا انعام احمد کا خطاب
ممبئی۔۲؍ فروری: (نمائندہ خصوصی)‘‘اللہ تبارک وتعالیٰ نے قرآن پاک کے ذریعے سے قیامت تک آنے والے انسانوں کووہ تمام تعلیمات دے دی ہیں کہ اگر اسے اختیار کیاجائے تو جہنم سے بچا جاسکتا ہے، اور اس میں سے اگر کسی بھی تعلیم کوچھوڑ دیاجائے تو جہنم جانے کا راستہ کھل جاتا ہے، اس وقت جو فتنے کا دور ہے اس سے بچنے کےلیے بھی قرآن وحدیث کی طرف ہی آنا پڑے گا، بغیر اس طرف آئے ہوئے ہم کسی بھی فتنے سے نہیں بچ سکتے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ نے قرآن پاک میں حکم دیا ہے کہ اپنے آپ کو بھی اور اپنی نسل کو بھی جہنم سے بچانے کی فکر کریں۔ جو راہ ہمیں پیارے حبیب محمد عربیﷺ نے دکھلائی ہے، اگر ہم مطالعہ کریں تو پیدا ہونے کے سات دن کے اندر اندر وہ تمام باتوں کی طرف ہمیں اشارہ کردیاگیا ہے، وہ تعلیمات ہمیں دے دی گئی ہے، وہ راہ ہمیں سکھادی گئی ہے۔ ماں باپ سات دن کے اندر اندر اپنی نسل کو بنانے کی فکر کس طرح کریں پوری تعلیم دے دی گئی ہے۔ اس میں سے ایک مسئلہ ہے نام کا ، فتنے سے بچنے کےلیے آپ کو اچھا نام رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ حضور ﷺ نے تعلیم دی نام جلدی رکھاجائے ۔ اچھا رکھاجائے، قرآن پاک اس بات کا ثبوت دیتا ہے کہ’’ اے زکریا جو بچہ آنے والا ہے اس کا نام یحییٰ رکھاجاتا ہے‘‘۔ ہم نام رکھنے میں مشورہ کرتے کرتے مہینوں گزار دیتے ہیں‘‘۔ ان خیالات کا اظہار انجمن اہل السنہ والجماعہ کے سہ روزہ اجلاس کے پہلے دن وائی ایم سی اے گرائونڈ میں حضرت مولانا انعام احمد صاحب (مبلغ دعوۃ الحق ہردوئی)نے کیا۔ قبل ازیں مولانایحییٰ نقشبندی (خلیفہ پیر فقیر صاحب خانقاہ رحمانیہ اندھیری) نے اپنے خطاب میں انجمن کی زریں خدمات کا تذکرہ کرتے کہا کہ ’’انجمن اہل السنۃ والجماعۃ ممبئی کے کارنامے سن کر آج انجمن کی عظمت پہلے سے زیادہ دل میں بیٹھ گئی، یقیناً فرق باطلہ کے رد اور اس کے تعاقب میں انجمن کا کردار بہت نمایاں ہے، باطل طاقتوں کا سب سے بڑا منصوبہ یہی ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ عوام کا رشتہ علماء سے توڑ دیا جائے تاکہ ان کا ایمان کمزور ہوجائے اور اللہ و رسول سے محبت ختم ہوجائے‘‘۔ اجلاس کا آغاز حافظ محمد آرزو (متعلم دورہ حدیث دارالعلوم امدادیہ، ممبئی) کی تلاوت سے ہوا۔ نعت نبی کا نذرانہ محمد طلحہ (متعلم دارالعلوم امدادیہ) نے پیش کیا۔ تمہہدی کلمات مولانا محمود احمد خاں دریابادی، نظامت مولانا ذاکر قاسمی اور مفتی سعید الرحمان فاروقی (صدر مفتی دارالعلوم امدادیہ) نے کی۔ اجلاس میں حافظ عظیم الرحمن (ناظم اعلیٰ امدادیہ) ، مولانا زاہد قاسمی (معراج العلوم چیتا کیمپ) قاضی طہ بھوئیرا(قاضی آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ) کے علاوہ بڑی تعداد میں شہر کے علماء اور عوام شریک رہے۔کل کے اجلاس سے مولانا عبدالعلیم فاروقی (رکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند) مولانا رضوان الدین معروفی(شیخ الحدیث جامعہ اشاعت العلوم اکل کوا ) کا خصوصی خطاب ہوگا۔ اجلاس کی کارروائی بصیرت آن لائن کے یوٹیوب چینل پر لائیو نشر کی گئی۔
Comments are closed.