ہر آن ہر لمحہ سب سےبڑی طاقت و قدرت اللہ کو حاصل ہے

تحفظ سنت وعظمت صحابہؓاجلاس سے مولانا عبدالعلیم فاروقی اور مولانا رضوان الدین معروفی کا خطاب
ممبئی۔ ۳؍ فروری: (نمائندہ خصوصی) وائی ایم سی اے گرائونڈ میں انجمن اہل السنہ والجماعۃ کے سہ روزہ اجلاس کا ہفتہ کو دوسرا دن تھا۔ تحفظ سنت وعظمت صحابہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اشاعت العلوم اکل کوا کے شیخ الحدیث مولانا رضوان الدین قاسمی نے کہاکہ ’’ہر آن ہر لمحہ سب سےبڑی طاقت، سب سے بڑی قدرت اللہ تعالیٰ کو حاصل ہے‘‘۔ انہوں نے دوران خطاب قرآنی آیت کی روشنی میں حضور ﷺ کی مکی ومدنی زندگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔اجلاس کے آخر میں مولانا عبدالعلیم فاروقی (رکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند) نے اپنے خطاب میںکہاکہ ’’’’دنیا کی ہدایت کےلیے پیغمبروں کا سلسلہ اللہ تبارک وتعالیٰ کی طرف سے قائم کیاگیا، پیغمبر آتے رہے، ہر پیغمبر پر ایمان لانا فرض ہے پوری امت پر، جتنے بھی پیغمبر آئے سبھی برحق ہیں، جتنے پیغمبروں پر جتنی کتابیں، صحائف نازل ہوئے، سب پر ایمان لانا مسلمانوں کےلیے ضروری ہے۔ آخر میں حضورﷺ آئے، آپ صلیﷺ اللہ کے بعد کوئی نبی نہیں آنے والا،ہر مسلمان کے لیے ختم نبوت پر ایمان لانا واجب ہے۔ آپ ﷺ پر نازل ہونے والی کتاب دائمی ہے جس کی حفاظت کا ذمہ اللہ نے لیا ہے اور یہ قیامت تک باقی رہے گی‘‘۔ پروگرام کی ابتدا ء قاری محمد زاہد قاسمی (نائب مہتمم معراج العلوم چیتا کیمپ) سے ہوئی، نعتیہ کلام حافظ عبداللہ انصاری (متعلم معراج العلوم چیتا کیمپ)نے پیش کیا۔ نظامت مفتی حذیفہ قاسمی بھیونڈی نے کی۔ دوسرے دن سامعین کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اجلاس کی کارروائی بصیرت آن لائن کے آفیشل یوٹیوب چینل پر لائیو نشر کی گئی۔ پروگرام کا اختتام مولانا فاروقی کی پرسوز دعاپر ہوا۔اسٹیج پر موجود شہر کے علماء میں اسٹیج پر موجود علماء میں مولانا رشید احمد بھوئیرا ندوی (کنوینر انجمن اہل السنہ والجماعۃ) مولانا محمود احمد خاں دریابادی( ٹرسٹی مدرسہ امدادیہ ممبئی)، حافظ عظیم الرحمان صدیقی (ناظم اعلیٰ دارالعلوم امدادیہ ممبئی)، مفتی سعید الرحمان فاروقی (صدر مفتی دارالعلوم امدادیہ ممبئی)،نذر کاظمی (پرنسپل صفا ہائی اسکول) مولانا محمدراشد اسعد ندوی(امام وخطیب مسجد عمر فاروق ڈونگری)، مفتی طہ بھوئیرا (قاضی آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ) موجود تھے۔ واضح رہے کہ اتوار سہ روزہ اجلاس کا آخری دن ہے۔ کل کے اجلاس سے مفتی معصوم ثاقب قاسمی(جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند) اور مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی( سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا خصوصی خطاب ہوگا۔
Comments are closed.