جامعہ عائشہ صدیقہ نورچک میں جدید درسگاہوں کی تعمیر کا کام جاری، اہل خیر حضرات سے تعاون کی اپیل

 

مدھوبنی (نمائندہ خصوصی) شمالی بہار میں لڑکیوں کی تعلیم و تربیت کی منفرد اور مثالی درسگاہ جامعہ عائشہ صدیقہ نورچک بسفی میں جدید درسگاہوں کی تعمیر کا کام زور و شور سے جاری ہے، گذشتہ 31 جنوری کو علاقے کے اکابر علماء، معزز دانشوران اور مخلصین مدرسہ کی موجودگی میں 8 کمروں پر مشتمل ایک جدید درسگاہ کی عمارت کی بنیاد رکھی گئی، چونکہ جامعہ کی تعلیمی تربیتی شہرت کے پیش نظر ہر سال طالبات کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے اور جگہ کی قلت کی وجہ سے تعلیمی نظام کو سنبھالنے میں بہت دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا، اسی پریشانی کو دیکھتے ہوئے مخلصین جامعہ کے مشورے اور تعاون سے 8 کمروں پر مشتمل ایک جدید درسگاہ کی بنیاد رکھ دی گئی جس کی تعمیر کا کام زور و شور سے جاری ہے، اس موقع پر جامعہ عائشہ صدیقہ نورچک کے متحرک و فعال بانی و ناظم مفتی حسنین قاسمی نے نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الحمد للہ جامعہ عائشہ صدیقہ نورچک نے کم وقت میں تعلیمی و تربیتی میدان میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہر سال طالبات کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہتا ہے، ہماری پہلی ترجیح اور کوشش معیاری تعلیم و تربیت ہے اور الحمد للہ ہم اس میں کامیاب بھی ہیں، روز بروز طالبات کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے جدید درسگاہوں کی اشد ضرورت محسوس کی جارہی تھی، الحمد للہ اہل خیر، جامعہ کے مخلصین اور اراکین جامعہ کی محنت اور تعاون کی بدولت ہم نے جدید درسگاہ کی بنیاد رکھ دی اور اب اس کی تعمیر کا کام جاری ہے، انشاءاللہ ہمیشہ کی طرح یہ عمارت بھی اہل خیر حضرات کے تعاون سے جلد ہی مکمل ہوجائے گی اور ہماری کوشش ہے کہ ہم رمضان بعد جدید تعلیمی سال کا آغاز جدید درسگاہ سے کریں گے.

بانی جامعہ مفتی حسنین قاسمی نے مزید کہا کہ اس عمارت کی تعمیر کا کل صرفہ 50 لاکھ روپے ہے، اس موقع پر میں اہل خیر حضراتِ، مخلصین جامعہ اور بہی خواہان جامعہ سے اپیل کرتا ہوں کہ جدید درسگاہ کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ثواب دارین حاصل کریں.

Comments are closed.