مستقبل تابناک بنانے کے لئے پڑھائی کے ساتھ بہتر منصوبہ سازی ضروری : صفدر امام قادری

تعلیمی بہتری کے لئے عارف اقبال میں مکمل اہلیت اور گنجائش موجود: ظفر کمالی
جالے(محمد رفیع ساگر؍بی این ایس) موجودہ دور مقابلہ جاتی امتحانات کا ہے، جب تک آپ مطالعہ میں گہرائی و گیرائی پیدا نہیں کریں گے آپ امتحان میں کامیاب نہیں ہو سکتے، جس عمر میں آپ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اس عمر میں آپ کا کام ایمانداری سے پڑھائی کرنا اور مستقبل کے لیے بہتر منصوبہ سازی کرنا ہے۔ یاد رکھیے جتنی محنت اور تندہی سے ابھی آپ پڑھ لیں گے یہی آپ کے آگے بھی کام آئے گا۔ منصوبہ بند طریقہ سے مطالعہ کریں، دوران مطالعہ ضروری چیزیں کاپی میں نوٹ کریں اور وقفہ وقفہ سے اس پر نظر ثانی کرتے رہیں ۔ مذکورہ خیالات کا اظہار معروف نقاد اور ماہر تعلیم پروفیسر صفدر امام قادری (شعبہ اردو، کالج آف کامرس اینڈ آرٹس، پاٹلی پترا یونیورسٹی پٹنہ)نے بدھ کو پلس ٹو اپگریڈیڈ ہائی اسکول موریا دربھنگہ کے طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اسکول کے اردو استاد و صحافی عارف اقبال کی دعوت پر اسکول پہنچنے والے مہمانوں میں صفدر امام قادری کے علاوہ ساہتیہ اکادمی انعام یافتہ معروف شاعر پروفیسر ظفر کمالی اور پروفیسر آرتی کماری بھی شامل تھیں۔ مہمانوں کا پُرتپاک استقبال اسکول کے ہیڈ ماسٹر رام شرن یادو نے کیا اور اسکول میں جاری کلاسیز کا معائنہ کرایا ساتھ ہی اسکول کے قیام و موجودہ تعلیمی صورت حال سے واقفیت کرائی۔ پروفیسر ظفر کمالی نے عارف اقبال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں میں اردو طلبا کے لیے ایک اچھے استاد کا ہونا ضروری تھا اور مجھے خوشی ہے کہ عزیزی عارف اقبال اس دیار میں رہ کر اردو زبان و ادب کی خدمت کر رہے ہیں اور مجھے بے انتہا خوشی ہے طلبا ان کی درس میں ذوق و شوق سے بڑی تعداد میں شریک ہوتے ہیں۔یقینا عارف اقبال اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں اور اس عمل میں مزید بہتری لانے کی ان میں مکمل اہلیت اور گنجائش موجود ہے۔
انہوں نے طلبہ و طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے وقت کا استعمال تعلیمی سرگرمیوں میں لگائیں، غیر ضروری چیزوں سے اجتناب کریں، اپنے وقت کو غنیمت جانیں کہ یہ زریں وقت پھر دوبارہ آپ کی زندگی میں نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپ ہمیشہ دوسری چیزوں پر تعلیم کو فوقیت دینے کا مزاج بنائیں۔ ابھی کی قربانی آپ کے بہتر مستقبل کا ضامن ہوگا۔ اس موقع پر شاعرہ و پروفیسر آرتی کماری نے طلبہ و طالبات کی گذارش پر نظم بھی سنائی جس سے طلباء محظوظ ہوئے۔ اس موقع پر عارف اقبال آئے ہوئے مہمانوں کا طلبا کے درمیان تعارف کراتے ہوئے کہا کہ آپ خوش نصیب ہیں کہ عہد حاضر کی دو نابغہ روزگار شخصیات آپ کے درمیان موجود ہیں ، یہ دونوں ہی اپنے آپ میں ایک ادارہ کی حیثیت رکھتے ہیں، ان کے تعلیمی تجربات و مشاہدات آپ کی تعلیمی زندگی کے لیے پُل کی طرح کام کرے گا۔ اس موقع پر نویں جماعت کی طالبات گنچہ پروین، رونق جہاں اور صالحین ناز نے پروفیسر قادری سے کئی سوالات بھی کیے جس کا پروفیسر قادری نے قیمتی اور وقیع جواب دیا ۔ بعد ازاں طلبہ و طالبات نے مہمانوں کے ہمراہ یادگاری تصویر بھی محفوظ کیا ۔ کلمات تشکر اسکول کے معاون ہیڈ ماسٹر اور سینئر استاد سمیع اللہ ندوی نے ادا کیا۔

Comments are closed.