کشمیر : بانڈی پورہ میں دم گھٹنے سے دو سگے بھائیوں کی موت

بصیرت آن لائن کے لیے کشمیر سے رضوان سلطان کی خاص رپورٹ
مرکزی زیر انتظام والے علاقہ جموں کشمیر کے شمالی ضلع بانڈی پورہ میں پیش آئے ایک دلخراش واقعہ میں ایک مدرسے میں زیر تعلیم دو سگے بھائیوں کی مشتبہ طور پر دم گھٹنے سے موت ہو گئی اور انکے والد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ متوفین کی شناخت دس سالہ منیر احمد چیچی اور نو سالہ تنویر احمد چیچی کے طور پر ہوئی ہے۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ ملنگم علاقے کے دو بھائی اور انکے والد قاسم احمد چیچی آج صبح جامعہ اسلامیہ دارالعلوم فیض العلوم اشٹنگو میں بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے۔ مدرسہ انتظامیہ نے تینوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں پہنچنے پر دونوں بچوں کو مردہ قرار دے دیا گیا جبکہ ان کے والد کی حالت تشویشناک ہے۔
اطلاعات کے مطابق قاسم کے دونوں بچے اس دارالعلوم میں زیر تعلیم تھے اور وہ خود ایک باورچی کے طور کام اس مدرسہ میں کام کررہا ہے۔
اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے، ایک پولیس اہلکار نے مقامی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ایک ایف ایس ایل ٹیم کو موقع پر بھیجا گیا ہے جبکہ اس دوران معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ اہلکار نے مزید کہا، "ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ یہ واقعہ کمرے کے اندر زہریلی گیس کے جمع ہونے کی وجہ سے پیش آیا ہے، تاہم ہمیں کسی حتمی نتیجے پر پہنچنے کے لیے تفصیلات کے سامنے آنے کا انتظار کرنا پڑے گا“۔
Comments are closed.