لڑکیوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ وقت کی اہم ضرورت :مولانا خالد سیف اللہ رحمانی

بھاگلپور (نمائندہ خصوصی)
لڑکیوں کی تعلیم وتربیت پر پوری طرح متوجہ ہونا والدین کی ذمہ داریوں میں سے ایک اہم ذمہ داری ہے ،آپ کی توجہ جب تک بچیوں کی تعلیم وتربیت پر نہیں ہوگی ہم اس وقت تک ایک اچھے سماج کی تعمیر کا خواب نہیں دے سکتے ہیں ،ان خیالات کا اظہار عالمی شہرت یافتہ عالم دین فقیہ عصر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب دامت برکاتہم صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے بھاگلپور ضلع کے میرچک (استو،سنہولی) میں فاطمہ للبنات ،وفاطمہ گرلس اسکول کی بنیاد کے موقعہ پر منعقدہ اجلاس عام سے کیا ،مولانا رحمانی نے کہا کہ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عورتوں کی تعلیم وتربیت کے لئے ایک دن خاص کر رکھے تھے، اس دن صحابیات حضور کی خدمت میں حاضر ہوتیں اور اپنے مسائل سے واقفیت حاصل کرتیں ،ام المومنین حضرت حفصہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کو تحریر سکھانے کے لئے ایک صحابیہ کو متعین کر رکھا تھا ،مولانا رحمانی نے اجلاس میں موجود علاقے سے آئے بڑی تعداد میں موجود علماء اور عوام کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ آج جو برائیاں معاشرہ میں پیدا ہورہیں اس کی بڑی وجہ یہ ہیکہ ہم نے انسانیت کے نصف حصہ کو علم کی روشنی سے دور کر رکھا ہے ،جب کہ ان کو بعض اوقات ہم سے زیادہ علم کی ضرورت پیش آتی ہے ،آج اس بات کی ضرورت ہے کہ لڑکیوں کو بھی ایسے علوم کی طرف متوجہ کرنا چاہئے جس کی خود عورتوں میں بعض اوقات ضرورت پڑتی ہے اور سب سے زیادہ لڑکیوں کو میڈیکل سائنس کی طرف متوجہ ہونے کی ضرورت ہے ،مولانا رحمانی نے والدین کو اس بات کی طرف بھی متوجہ فرمایا کہ ہم اپنے بچوں کی تربیت کے لئے بھی اپنا کچھ وقت فارغ کریں ،تاکہ اسے اس بات کا احساس ہوکہ ہمارے والدین ہماری تعلیم و تربیت کے لئے فکر مند ہیں،میر چک ،استو، سنہولی اور بھاگلپور کے لوگوں کے لئے فاطمہ للبنات وفاطمہ گرلس اسکول کے قیام کو اللہ کی جانب عظیم نعمت بتاتے ہوئے ادارہ کے بانی وناظم انجنیر سیف الرب مجاہد اور ان کی اہلیہ کو مبارکبادی پیش کی اسکول اہم اجلاس سے قاضی شہر حضرت مولانا خورشید صاحب قاسمی نے اپنے بیان میں تعلیم کی اہمیت و افادیت اور اسے موثر بنانے پر پوری قوت کے ساتھ مسلمانوں کو دعوت دیا ،مدرسہ حبیبیہ سنہولی کے ناظم مولانا عطاءالرحمان قاسمی صاحب نے سماج میں پھیلی برائیوں کے سد باب کے لئے مساجد میں علماء کو بلا کر بیان کروانے کی ضرورت ہے، انہوں نے جلسہ جلوس پر خرچ کرنے کو اسراف بتایا، مولانا مظفر احسن رحمانی معتمد رابطہ عامہ دارالعلوم سبیل الفلاح جالے ضلع دربھنگہ بہار نے نظامت کے فرائض انجام دیئے، اس موقعہ پر مولانا عبدالناصر سبیلی مہتمم دارالسلام اجرا مدھوبنی ،مولانا محمد عباس قاسمی صاحب استاد دارالعلوم سبیل الفلاح جالے، ڈاکٹرسرفرازالرب جالے، کے علاوہ علاقہ کے سیاسی سماجی اور باوقار علماء موجود تھے ،فقیہ عصر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب دامت برکاتہم صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی دعا پر پروگرام اختتام پذیر ہوا.
Comments are closed.