مدرسہ دارالسلام میں تکمیل حفظ قرآن اورتقسیم انعام کی مناسبت سے تقریب کاانعقاد

حافظ محمدمدثررحمانی نے ایک دن میں مکمل قرآن مجیدسنانے کی سعادت حاصل کی
مونگیر26فروری(پریس ریلیز)
مدرسہ دارالسلام اکرام نگر،مونگیرمیں تکمیل حفظ قرآن کی مناسبت سے ایک تقریب کاانعقادہوا۔اجلاس کی صدارت جامعہ رحمانی کے استاذحدیث حضرت مولاناجمیل احمدصاحب مظاہری ناظم تعلیمات جامعہ رحمانی مونگیرنے فرمائی،مدرسہ کے ایک متعلم محمدمدثررحمانی ابن جناب فضل الرحمن صاحب محرم پور،سپول نے ایک دن میں مکمل قرآن مجیدسنانے کی سعادت حاصل کی،اس کے علاوہ حافظ محمدچاندرحمانی بن جناب مرحوم ہارون صاحب ارریہ نے بھی پانچ پانچ پارہ یومیہ قرآن مجیدسنایا۔اس مناسبت سے اجلاس میں طلبہ کی حوصلہ افزائی کی گئی۔اس موقع پرتقریری مسابقہ میں کامیاب ہونے والے سولہ طلبہ کوانعامات سے بھی سرفرازکیاگیا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حضرت مولاناجمیل احمدمظاہری نے فرمایاکہ قرآن مجیدکاپڑھنا،سننا،اس میں مصروف ہونابڑی عبادت ہے اوریہ سعادت کی بات ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کواس نعمت عظمی کے لیے منتخب فرمایاہے،جولوگ تعلیم وتعلم قرآن کافریضہ انجام دے رہے ہیں وہ ان اہم بشارتوں کے مستحق ہورہے ہیں جوہم سب کے آقاصلی اللہ علیہ وسلم نے بیان فرمائی ہیں،مدرسہ دارالسلام نے خدمت قرآن کا بیڑا اٹھایا ہے، بڑے خوش نصیب ہیں وہ طلبہ جواس سعادت سے بہرہ ور ہورہے ہیں اوربڑے خوش نصیب ہیں ان کے والدین جنھوں نے اپنی اولادکوحفظ قرآن اوردین متین کی حفاظت کے لیے مدرسوں میں بھیجا ہے۔مولانانے عوام سے اپیل کر تے ہوئے مزیدفرمایاکہ آپ عوام کافرض ہے کہ مدارس کی ہرممکن مددکریں اورتعلیم وتعلم میں مصروف علما،حفاظ اورطلبہ کی حوصلہ افزائی کریں۔
جناب مولانامفتی سیف الرحمان صاحب ندوی استاذجامعہ رحمانی مونگیرنے مدرسہ کی اہمیت اورتعمیرپرخطاب کیا،انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہم لوگ اپنے گھرکی تعمیرکرتے ہیں،اسی طرح ہمیں اداروں کی تعمیرمیں بھی حصہ لیناچاہیے تاکہ یہ ہمارے لیے صدقہ جاریہ ہوسکے،انہوں نے اپنی تقریرمیں طلبہ و اساتذہ کی حوصلہ افزائی اورمدرسہ دارالسلام کی کارکردگی کی تحسین کی۔مولانااحمداللہ مظاہری امام وخطیب مبارک چک مونگیرنے قرآن کی فضلیت پرموثراورمدلل تقریرکی۔ مولانامحمدتنویرحسین ندوی نے مدرسہ کی اہمیت پرمدلل خطاب فرمایا،انہوں نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہاکہ مدرسوں کے بچوں کوقرآن خوانی کے لیے بلانامناسب نہیں ہے،اس سے تعلیم کانقصان ہوتاہے،اسی لیے مدرسہ دارالسلام کے ذمہ داروں نے اس سے احتیاط برتی ہے۔
مدرسہ دارالسلام کے ناظم جناب مولاناقمرالزماں رحمانی نے مہمانوں کاشکریہ اداکرتے ہوئے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے مدرسہ کی روئیداداورکارکردگی پرتفصیلی روشنی ڈالی،انہوں نے مزیدکہاکہ مدرسہ کے قیام کابیڑہ اٹھایا گیاتھا،اللہ کے فضل سے یہ ادارہ روزبروزترقی کی جانب گامزن ہے،آج آپ تکمیل حفظ قرآن مجیدکی تقریب میں اپنی آنکھوں سے مدرسہ کی کارکردگی کامشاہدہ کر رہے ہیں۔اللہ کی مدداورآپ سبھوں کے تعاون سے ادارہ نے بہت کم وقت میں بڑی خدمات انجام دی ہیں،آج اس موقع پرانعامات کی تقسیم بھی ہوئی،13جنوری کوتقریری مسابقہ منعقدہواتھاجس میں سولہ طلبہ کامیاب قرارپائے،ان میں پانچ طلبہ نے اول پوزیشن، پانچ طلبہ نے دوم پوزیشن اورچھ طلبہ نے سوم پوزیشن حاصل کی،تقریری مقابلہ میں حکم کی حیثیت سے حضرت مولاناجمیل احمدمظاہری،حضرت مولانامفتی سیف الرحمن صاحب اورحضرت مولاناتنویرحسن شریک ہوئے۔مولاناقمرالزماں رحمانی نے یہ بھی بتایاکہ اس سے قبل گزشتہ سال چارطلبہ نے ایک دن میں مکمل قرآن مجیدسنانے کی سعادت حاصل کی تھی،اورگزشتہ سال آٹھ حفاظ کے سروں پردستارفضلیت باندھی گئی تھی۔یہ اجلاس خانقاہ رحمانی کے سجادہ نشیں حضرت امیرشریعت مولانااحمدولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم کی صدارت میں منعقدہواتھا۔اس سے قبل 2020میں امیرشریعت سابع حضرت مولانامحمدولی رحمانیؒ کی صدارت میں دوسرا اجلاس دستاربندی منعقدہواتھاجس میں 11حفاظ کرام کی دستاربندی عمل میں آئی تھی۔مولاناقمرالزماں رحمانی نے مزیدبتایاکہ مدرسہ دارالسلام کاافتتاح18مئی 2015کو امیرشریعت سابع مفکراسلام حضرت مولانامحمدولی رحمانی ؒ کے ہاتھوں ہواتھا،اب ان کے فرزند اور خانقاہ رحمانی کے موجودہ سجادہ نشیں مفکرملت حضرت مولانااحمدولی فیصل رحمانی اس ادارہ کی سرپرستی فرمارہے ہیں۔انھوں نے مزیدبتایاکہ دارالاقامہ کی تعمیرکے بعد اب درسگاہ کے لیے مستقل عمارت کی تعمیرہونی ہے،اہل خیرحضرات سے درخواست ہے کہ وہ اس ضرورت کی تکمیل کے لیے توجہ فرمائیں۔اجلاس کاآغازحبیبہ قمرکی تلاوت سے ہوا،نظامت کے فرائض مولاناتنویرحسین ندوی نے انجام دیے۔ صدراجلاس حضرت مولاناجمیل احمدمظاہری کی دعاء پراجلاس کا اختتام ہوا۔اجلاس میں جناب مفتی محمداحمدمظاہری،استاذجامعہ رحمانی،جناب قاضی رضی احمدرحمانی ندوی قاضی شریعت امارت شرعیہ مونگیر،مولاناوحیدالرحمن رحمانی،حافظ قاری نازش،حافظ ثناء اللہ رحمانی اساتذہ مدرسہ دارالسلام،جناب حاجی محمدضیاء الحق صاحب،جناب محمدفہیم الدین صاحب،جناب الحاج جہانگیرصاحب اورشہرکے معززافراد بھی موجودرہے۔

 

Comments are closed.